پاکستان

شہباز تاثیر کے اغوا میں ملوث چار ملزمان گرفتار

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو اغوا کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاہور: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو اغوا کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جہاں ملزمان کا تعلق دہشتگرد تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق لاہور پولیس نے بتایا کہ دو سال قبل اغوا کیے گئے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کے اغوا میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گرفتار افراد میں فرہاد بٹ، عثمان بسرہ، رحمت اللہ اور عبدالرحمان ملوث تھے جنہیں خفیہ اطلاع ملنے پر گرفتار کیا گیا۔

گرفتار کیے گئے ملزمان کا تعلق دہشتگرد تنظیم سے ہے جو دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں مطلوب تھے، پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش پشاور ایئرپورٹ پر حملے کا انکشاف بھی کیا ہے۔

دوسری جانب ایک اور کارروائی میں پولیس نے پشاور کے زیر تربیت دس جیل وارڈنز کو قتل کرنے والے کالعدم تحریک طالبان کے چار ارکان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

سی آئی  اے پولیس نے گزشتہ برس سانحہ رسول پارک میں نوجوان جیل وارڈنز کی رہائشگاہ پر حملہ کر کےمتعدد افراد کو ہلاک اور زخمی کرنے والے چار دہشت گردوں کو دو کلاشنکوف اور ہینڈ گرنیڈز سمیت گرفتار کر لیا ہے جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔