پاکستان

سندھ میں آج اب تک کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، مراد علی شاہ

کراچی میں مزید 332 مریض سامنے آگئے،شہر قائد میں ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ مزید 113 لوگ وائرس کا شکار ہوئے،وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں آج اب تک کے سب سے زیادہ 404 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے صوبے میں کیسز کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے 3729 ٹیسٹ کیے اور اس طرح مجموعی ٹیسٹ کی تعداد 51 ہزار 790 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 404 لوگ مزید متاثر ہوئے اور اس طرح صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 5 ہزار 695 تک پہنچ چکی ہے اور ایک دن میں کیے گئے ٹیسٹ میں سے یہ تعداد 10.8 فیصد ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا متاثرین 15 ہزار سے زائد، سندھ میں بھی اموات 100 ہوگئیں

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 208 افراد اس وبا سے صحتیاب ہوئے جس کے ساتھ ہی مجموعی صحتیاب افراد کی تعداد 1169 ہوگئی۔

اموات سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 8 افراد اپنی زندگی گنوا چکے ہیں اور اس طرح اب تک وفات پانے والوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیر علاج مریضوں کے بارے میں بتایا کہ اس وقت 36 افراد کی حالت تشویش ناک ہیں جبکہ 18 وینٹی لیٹر پر ہیں۔

کراچی میں کیسز کی تعداد کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ شہر قائد میں 332 مزید لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جس میں ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 113 لوگ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے ضلع شرقی میں 100، ضلع وسطی میں 39، ضلع کورنگی میں 37، غربی میں 36 اور ملیر میں 17 کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ خیرپور اور لاڑکانہ میں 13، 13 افراد، سکھر میں 14، شکارپور اور شہید بینظیرآباد میں 7،7 افراد میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک میں پھنسے پاکستانی جو کراچی ایئرپورٹ پہنچے تھے ان کی تعداد 505 تھی اور ان سب کے ٹیسٹ لیے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان 505 میں سے 69 مثبت ہیں، 397 منفی ہیں جبکہ 39 کے نتائج کا انتظار ہے، ان 69 میں سے 21 لوگ صوبہ سندھ سے ہے جبکہ باقی سندھ سے باہر کے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن واپس لینے پر فیسوں میں کمی کی درخواست نمٹادی

اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ وبا پھیل چکی ہے لیکن اس پر قابو پانے کا بہتر طریقہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرکے لوگوں کو آئیسولیٹ کیا جائے تاکہ وہ کسی اور کو متاثر نہ کریں۔

مراد علی شاہ کے مطابق پیر تک 2 لیب تیار کرلی جائیں گی۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ آج آنے والے 404 کیسز ابھی تک آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں، اس کی ایک وجہ ہم نے ٹیسٹ کی تعداد بڑھائی ہے اور ہم ایک سائنسی طریقے سے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثر ہے اور وہاں اب تک 5695 افراد متاثر جبکہ 100 اموات ہوچکی ہیں۔

کیا پہلی بار شمالی کوریا پر خاتون حکمرانی کریں گی؟

بحران کے باعث ملک میں غربت کی صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا