دنیا بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد29 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہوگئی
دنیا بھر کے 188 سے زائد خطوں میں کورونا وائرس سے بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور جہاں اب تک مجموعی تعداد 29 لاکھ 76 ہزار 956 ہوچکی ہے جبکہ 2 لاکھ 6 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر رکھنے والے ویب سائٹ کے اعداد وشمار کے مطابق امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے تاہم نئے کیسز سامنے کی شرح میں کسی حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکا
امریکا میں کوروناوائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 9لاکھ 76 ہزار 176 ہوگئی۔
کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی بدستور بڑھ رہی ہے اور مزید 702 افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے اور یوں امریکا میں اب تک کورونا وائرس سے 54 ہزار 958 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق امریکا میں اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 18 ہزار 633 ہے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 8 لاکھ 2 ہزار 585 ہوگئی۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پھیلی ہوئی کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں دنیا کے کئی ممالک میں ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
وہیں کورونا وائرس کے باعث دنیا کی نصف آبادی کے گھروں تک محدود رہنے کی وجہ سے دنیا بھر میں جرائم اور مسائل میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
تاہم ساتھ ہی کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کی وجہ سے گھریلو تشدد کی شکایات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہیں دنیا بھر میں بےروزگاری میں بھی اضافے ہوا ہے۔
اٹلی اور اسپین
کورونا وائرس سے یورپ میں سب سے ہلاکتوں کا سامنا کرنے والا ملک اٹلی ہے جہاں کیسز کی شرح میں کمی آگئی ہے۔
اب تک اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 26 ہزار 644 ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب اسپین میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار 629 ہوگئی جبکہ 23 ہزار کے قریب اموات ریکارڈ کی گئی۔
اسپین میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 870 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
علاوہ ازیں اسپین میں یومیہ ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی ہے جہاں 24 گھنٹے میں صرف 288 ہلاکتیں ہوئیں۔
کینیڈا میں انسداد ملیریا دوائی کے استعمال کےخلاف انتباہ جاری
کینیڈا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 ہزار 644 جبکہ ہلاکتیں ڈھائی ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔
علاوہ ازیں کینیڈیا نے انسداد ملیریا دوائی ہائیڈروکسی کلورو کوئن کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کے خلاف انتباہ جاری کردیا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ کلوروکوئن اور ہائیڈرو آکسیروکلون کے سنگین ضمنی اثرات ہو سکتے ہیں۔
جرمنی میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے
جرمنی میں کیسز کی مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 57 ہزار جبکہ 19 نئی اموات کے بعد تعداد 5 ہزار 896 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب جرمنی میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔
جرمنی میں ایک عرصے سے جاری لاک ڈاؤن کے خلاف ایک ہزار سے زائد افراد نے احتجاج کیا اور احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا۔
دارالحکومت برلن میں ایک ہزار سے زائد افراد نے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریلی نکالی جہاں حکام کی جانب سے انتباہ جاری کیے جانے کے باوجود مستقل چند ہفتوں سے اس احتجاج کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس احتجاج میں بائیں بازوں کے افراد کی اکثریت موجود تھی لیکن حیران کن طور پر اس مرتبہ احتجاج میں دائیں بازو کے افراد بھی موجود تھے۔
چین کا یورپی یونین پر غلط معلومات کے الزامات کو روکنے کے لیے دباؤ
دوسری جانب چین نے یورپی یونین (ای یو) پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ اپنی ایک رپورٹ کو شائع نہ کرے، جس میں بیجنگ پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات پھیلائی۔
مذکورہ رپورٹ کو چین پر کی گئی تنقید میں نرمی کرنے یا پھر تنقید کو نکال کر ایک متوازن رپورٹ کے طور پر اختتام ہفتہ سے قبل شائع کردیا گیا تھا کیوں برسلز نہیں چاہتا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث اس کے عالمی تعلقات متاثر ہوں۔
خیال رہے کہ چین میں گزشتہ 10 دن میں کوئی اموات ریکارڈ نہیں کی گئی۔
روس: ’ کورونا وائرس آج کا سب سے بڑا خطرہ ہے ‘
روس میں وائرس سے متاترہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 747 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
اس ضمن میں روس میں محکمہ صحت کے افسران نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مئی کی چھٹیوں میں لوگوں نےلاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی تو وائرس کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ صحت کے عہدیدار نے بتایا لوگوں کو لازمی طور پر احتیاط کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس آج کا سب سے بڑا خطرہ ہے‘۔
سعودی عرب میں کرفیو جزوی طور پر ہٹا لیا گیا
سعودی عرب میں کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہزار جبکہ ہلاکتیں 139 ہوگئی ہیں۔
دوسری جانبب سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے احکامات جاری کیے ہیں کہ سعودی عرب بھر میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کرفیو ہٹا دیا جائے تاہم مکہ میں بدستور 24 گھنٹے کرفیو نافذ رہے گا۔
سعودی نیوزی ایجنسی کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل کی دکانوں کو 6 رمضان سے 20 رمضان (29 اپریل سے 13 مئی) تک کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس فیصلے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب نے چین کی کمپنی سے 265ملین ڈالرز کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ انہیں ٹیسٹنگ کٹس فراہم کریں گے۔
ایران: مخصوص علاقوں میں مساجد کھولنے کا فیصلہ
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملک کے وہ حصے جو مستقل کورونا وائرس سے پاک ہیں، وہاں مساجد کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں 5ہزار 700 افراد ہلاک اور 90ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔
حسن روحانی نے کہا کہ ملک میں انفیکشن اور اموات کی مناسبت سے مختلف حصوں کو سیفد، پیلے اور لال رنگ سے جدا کیا جائے گا اور خطے میں سرگرمیاں اسی مناسبت سے محدود کردی جائیں گی۔
نیدرلینڈ میں 655 نئے کیسز، مزید 66 اموات
نیدرلینڈ میں نئے 655 کیسز منظر عام پر آنے کے بعد مجموی تعداد 37 ہزار 845 ہوگئی۔
حکام کے مطابق مزید 66 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔
ترکی میں کورونا وائرس سے 2ہزار 805افراد ہلاک
ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 2ہزار 357 مصدقہ کیسز کا اضافہ ہوا ہے جس سے ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
ملک میں 24گھنٹے کے دوران مزید 99 اموات ہوئیں جس سے ترکی میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2ہزار 805 ہو گئی ہے۔
ترکی ایک لاکھ 10ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو مغربی یورپ اور امریکا کے بعد کسی بھی ملک میں متاثرہ افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
دنیا میں اموات کی شرح 60 فیصد زیادہ ہوسکتی ہے، فنانشل ٹائمز
فنانشل ٹائمز کے مطابق اموات کی جو تعداد بتائی جارہی ہے اس میں مجموعی اموات کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔