پاکستان

کراچی: تالاب میں نہاتے ہوئے 2 بھائیوں سمیت 5 بچے ڈوب کر جاں بحق

علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں بچے زیر تعمیر عمارت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں نہا رہے تھے۔
|

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 5 بچے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ٹیموں کے مطابق سرجانی کے علاقے سیکٹر 7 اے میں 7 بچے تالاب میں نہا رہے تھے تاہم پانی کی سطح زیادہ ہونے کے باعث بچے توازن نہ رکھ سکے اور 5 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق جاں بحق لڑکوں کی عمریں 9 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ: ننگرپارکر میں اسکول کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق

لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں دو بھائی 13 سالہ مسعود احمد اور 8 سالہ ریاض احمد بھی شامل ہیں۔

دیگر 3 بچوں میں 12 سالہ محمد زبیر، 13 سالہ ارمان، 12 سالہ فرقان علی شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں بچے زیر تعمیر عمارت کے لیے کھودے گئے گڑھے میں نہا رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرگڑھ : اسکول وین میں سیلنڈر دھماکا، 2 بچے جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر عمارت کے مالک کی تلاش جاری ہے، حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر مالک کے خلاف قانون کارروائی کی جائے گی۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (غربی) فدا حسین نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلڈر نے عمارت کی تعمیرات میں استعمال ہونے والے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے ایک گہرا گڑھا کھود رکھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پانچوں بچے اس تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلڈر نے اس تالاب کے اطراف میں کوئی دیوار نہیں کھڑی کی تھی اور نہ ہی وہاں کوئی نگرانی کرنے والا شخص موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر بلڈر کے خلاف کوئی قابل سزا جرم ثابت ہوتا ہے تو اسے گرفتار کیا جائے گا‘۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے اہلخانہ کے بیان پر مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ قریبی عمارت کے گارڈ کو تحقیقات کے لیے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل کراچی کے علاقے سبزی منڈی کے قریب کھیل کود کے دوران جوہڑ میں ڈوب کر 3 کمسن بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے سربراہ کی موت کی تردید کردی

نیب کے اختیارات کو محدود کرنے والا آرڈیننس غیرمؤثر ہوگیا

ایف آئی اے نے سائبر جرائم میں ملوث 20 افراد کو گرفتار کرلیا