پاکستان

حکومت نے بین الاقوامی پروازوں کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کردی

بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا، سی اے اے
|

حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی میں 15 مئی تک توسیع کردی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے جاری بیان کے مطابق اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔

کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 18 اپریل کو ملکی و غیر ملکی پروازوں کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل حکومت نے اندرون و بیرون ممالک فلائٹ آپریشن پر پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کی تھی۔

مزید پڑھیں: حکومت نے فلائٹ آپریشن کی بندش میں 21 اپریل تک توسیع کردی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تمام ایئرلائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 657 جبکہ اموات 265 تک پہنچ چکی ہیں۔

26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی تاہم اس کے بعد سے آج 25 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے بلکہ اسی عرصے میں تقریباً 200 اموات بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان نے 2 ہفتوں کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تاہم حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری اس جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کردی گئی ہے۔

وہی دوسری جانب ڈاکٹرز نے بھی مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کیا جائے ورنہ اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔