کھیل

انگلینڈ کا کرکٹ سیزن جولائی تک مؤخر، ویسٹ انڈیز سے سیریز بھی زد میں

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کو28 مئی تک ملتوی کردیا گیا تھا اور ویمن کرکٹ ٹیم کے دورے بھی ملتوی کردیے گئےہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جولائی تک کرکٹ کے مکمل لاک ڈاؤں کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی ملتوی ہوگئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق ای سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ کے مقابلوں کو یکم جولائی تک مؤخر کردیا جائے گا لیکن ڈومیسٹک مقابلوں کو تاحال منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔

ای سی بی حکام 17 جولائی سے شروع ہونے والے دی ہنڈرڈ مقابلوں کے اولین سیزن کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے اگلے ہفتے اجلاس کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے مشہور کرکٹر عادل رشید پر 38 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث ڈومیسٹک سیزن کو 28 مئی تک ملتوی کردیا گیا تھا جو 12 اپریل سے شیڈول تھا۔

ای سی بی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ کو جولائی اور ستمبر کے آخر تک شیڈول کرنے کے لیے جائزہ لیں گے۔

انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ بھی ملتوی کیا جاچکا ہے جو 25 جون سے شیڈول تھا۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ 'رواں برس گرمیوں میں کرکٹ کے چند مقابلوں کے لیے ابھی پر امید ہیں لیکن ہم عالمی سطح پر پھیلے بحران کا شکار ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم کھیلوں کے انعقاد سے بالاتر ہوکر ورکرز اور مجموعی طور پر معاشرے کو بچانے کو ترجیح دیں گے'۔

ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ 'اس لیے اس وقت تک کوئی کرکٹ نہیں ہوگی جب تک معاشرہ محفوظ نہیں ہوتا اور ہمارا شیڈول حکومت کی اجازت سے مؤخر ہوگا'۔

خیال رہے کہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے جو 4 جون سے شروع ہوگی جس کے بعد آسٹریلیا، پاکستان اور آئرلینڈ کا دورہ شیڈول ہے۔

ای سی بی کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس کے سبب قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز ملتوی

بورڈ نے گزشتہ روز اجلاس کے بعد کہا تھا کہ ڈومیسٹک، فرسٹ کلاس اور محدود طرز کی کرکٹ کو ایک نئے شیڈول میں شامل کردیا جائے گا۔

بند دروازوں کے پیچھے کرکٹ مقابلوں پر غور

ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اور انتظامیہ کے عہدیداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرکے بین الاقوامی اور کاؤنٹی میچوں کو بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی بی اس حوالے سے مطمئن ہونے کے بعد بغیر تماشائیوں کے مقابلوں کا فیصلہ کرے گا۔

بورڈ سربراہ نے کہا کہ 'اب ہماری زیادہ منصوبہ بندی اس بات پر ہے کہ بند دروازوں کے پیچھے کی کرکٹ کیسی ہوگی'۔

ان کا کہنا تھا کہ اس لاک ڈاؤن اور شہریوں کو پیغامات سے حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں ان کو مدنظر رکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اگلے سال بھی اولمپکس کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے، جاپانی ماہرین

انگلینڈ کا 11 مرحلون پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 28 مئی کو شروع ہوگا اور جولائی کے اوائل میں اختتام ہوگا لیکن اس کو بھی مؤخر کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ دنیا میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 38 ہزار 78 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 738 ہے جبکہ ایک لاکھ 18 ہزار996 افراد اب بھی زیر علاج ہیں جن میں سے ایک ہزار 559 کی حالت خطرے میں ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پاکستان نے بھی نیدرلینڈز کا دورہ منسوخ کردیا اور بھارت نے آئی پی ایل کوملتوی کردیا ہے۔

عالمی وبا سے نہ صرف کرکٹ کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں بلکہ اولمپکس جیسا قدیم ایونٹ بھی ایک سال کے لیے مؤخر ہوچکا ہے۔

بیرون ملک مقیم طبی ماہرین کی خدمات کے حصول کیلئے 'یاران وطن پروگرام'

کورونا وائرس: مسجد نبوی ﷺ میں پہلی تراویح باجماعت ادا

بنگلہ دیش میں 250 سے زائد ڈاکٹر کورونا کا شکار