لائف اسٹائل

کورونا کے دنوں میں ’اونانا چیلنج‘ مقبول

قدرے پرانا ڈانس چیلنج کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران دوبارہ مشہور ہوگیا۔

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وبا کے وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث تقریباً دنیا کی نصف آبادی گھروں میں محدود ہے اور وہ گھروں میں ہی کود کو محظوظ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

گھروں تک محدود رہنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر متعدد ٹرینڈز اور چیلنج بھی سامنے آ رہے ہیں، جسیے کچھ دن قبل ہی اپنی پرانی تصاویر کو شیئر کرنے والا می ایٹ ٹوئنٹی ٹرینڈ سامنے آئے، جس میں لوگوں نے اپنی وہ تصاویر شیئر کیں جب ان کی عمر 20 سال تھی۔

اس سے قبل بھی سوشل میڈیا اور ویڈیو شئرنگ ایپلی کیشنز پر نئے چیلنجز اور ٹرینڈز سامنے آتے رہے ہیں اور ایسا ہی ایک ٹرینڈ’ اونانا چیلنج‘ 2017 کے بعد ایک پورچوگیزی گانا مقبول ہونے کے بعد سامنے آیا تھا۔

تاہم تین سال قبل سامنے آنے والا یہ چیلنج کورونا کے دونوں میں ایک بار پھر دنیا میں مقبول ہو رہا ہے اور اس بار اس چیلنج کو پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی قبول کیا ہے۔

’اونانا چیلنج‘ دراصل پورچوگیزی زبان میں 2017 میں ریلیز ہوئے گانا ’اونانا ‘ کی طرز پر مبنی ڈانس کا چیلنج ہے۔

اس چیلنج میں دو افراد ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہوکر ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے بغیر اپنے پاؤں ایک دوسرے سے آہستہ سے ٹکرا کر ڈانس کرتے ہیں۔

یہ چیلنج اسی وقت ہی کامیاب مانا جاتا ہے جب کہ ڈانس کرنے والے دونوں افراد اپنا توازن برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو ہاتھ لگائے بغیر مختلف طریقوں سے ایک دوسرے کے پاؤں سے پاؤں ٹکرائیں۔

یہ چیلنج ابتدائی طور پر پورچیزی گانے کے مقبول ہونے کے بعد ابتدائی طور پر جنوبی امریکا پھر امریکا سے ہوتا ہوا یورپ و افریقہ پہنچا تھا اور ٹک ٹاک پر کئی شخصیات اسی چیلنج پر گزشتہ تین سال سے ویڈیوز بناتی آ رہی ہیں۔

لیکن وبا کے ان دنوں میں گھروں میں فارغ بیٹھنے کے دوران یہ چیلنج ایک بار پھر مقبول ہونے لگا ہے اور اب اسی چیلنج پر پاکستان سے لے کر ترکی اور برطانیہ سے لے کر امریکا تک لوگ ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

اب اسی چیلنج پر کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان بھی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

اسی چیلنج کو قبول کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیلنٹڈ اداکارہ اور نشان امتیاز جیتنے والی مہوش حیات نے بھی اس پر ویڈیو بنائی۔

مہوش حیات نے اپنے بھائی دانش حیات کے ساتھ ’اونانا چیلنج‘ پر ویڈیو بناکر اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

اداکارہ کے ’اونانا چیلنج‘ کو کئی لوگوں نے سراہا اور ان کے ڈانس اسٹیپ کی بھی تعریف کی۔

اپنی پوسٹ میں مہوش حیات نے اعتراف کیا کہ انہیں ’اونانا چیلنج‘ کے ڈانس اسٹیپس سیکھنے میں وقت لگا، تاہم انہیں اپنے بھائی کے ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران ڈانس کرکے اچھا لگا۔

مہوش حیات کے علاوہ اداکارہ عروسہ قریشی اور ان کے شوہر بلال قریشی نے بھی ’اونانا چیلنج‘ پر ڈانس پرفارمنس کی اور ان کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

پاکستانی شوبز شخصیات کے علاوہ دیگر ممالک کی بھی معروف شخصیات اسی چیلنج پر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں جب کہ عام افراد بھی اس چیلنج پر ڈانس پرفارمنس کی ویڈیوز لوگوں کے ساتھ شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

’کال ٹو ایکشن‘ کورونا پر بنائی گئی فیصل قریشی کی مختصر فلم

اپنے پیاروں کو کھو دینے والے لاک ڈاؤن میں کس طرح اپنا غم ہلکا کر رہے ہیں؟

کورونا وائرس کا پراسرار پہلو جو متعدد اموات کا باعث بننے لگا