اماراتی اداکار ابراہم المریسی بھی کورونا کا شکار
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اداکار ابراہیم المریسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور انہوں نے اس مرض میں مبتلا ہونے اور اپنی علامات سے متعلق ایک ویڈیو کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابراہم المریسی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا کہ ابتدائی طور پر ان میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھیں جس کے باعث انہیں وائرس کا شکار ہونے کا علم نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: برطانوی اداکار ٹم بروک بھی کورونا وائرس سے ہلاک
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت بھی کورونا کا شکار ہیں اور ایک ہفتے سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ ہسپتال سے قبل بھی وہ ایک ہفتے تک گھر میں قرنطینہ ہوگئے تھے اور اس وقت بھی وہ وبا کا شکار تھے۔
اداکار نے بتایا کہ جب وہ گھر میں قرنطینہ ہوگئے تھے تو ابتدائی طور پر ان میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں، تاہم بعد ازاں ان کی ناک بہنے لگی اور انہیں خشک کھانسی بھی شروع ہوگئی۔
اداکار کے مطابق ابتدائی طور پر انہوں نے سمجھا کہ انہیں موسمی سردی کا اثر ہے، تاہم بعد ازاں ان کی سونگھنے اور ذائقے کو محسوس کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوگئی جس کے بعد انہوں نے ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا۔
یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ سے پاکستان آنے والے اداکاروں کے کورونا نتائج سامنے آگئے
اداکار نے مداحوں کو بتایا کہ وہ ایک ہفتے سے زیر علاج ہیں اور اپنے مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ وبا کے ان دنوں میں گھروں میں رہ کر خود کو اور ملک کو محفوظ رکھیں۔
ویڈیو میں اداکار کو کورونا کا ٹیسٹ کرواتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور بظاہر وہ صحت مند نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ ابراہم المریسی سے قبل بھی متعدد شوبز، فیشن، کھیل و سیاسی شخصیات کورونا وائرس کا شکار بن چکی ہیں جن میں سے کئی افراد 3 ہفتوں بعد صحت یاب ہوگئے جب کہ متعدد شخصیات تاحال کورونا میں مبتلا ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔