دنیا

کورونا کی وجہ سے امریکا کے لیے تمام امیگریشن معطل کردیں گے، ٹرمپ

امریکا کے عظیم شہریوں کی ملازمتوں کا تحفظ اور نظر نہ آنے والے دشمن کے حملوں کے خلاف اقدامات کررہے ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور امریکا میں روزگار کے تحفظ کے لیے تمام امیگریشنز کو انتظامی حکم نامے کے ذریعے عارضی طور پر معطل کر دیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 'نظر نہ آنے والے دشمن کے حملوں اور اپنے عظیم شہریوں کے روزگار کے تحفظ کی ضرورت کے پیش نظر امریکی امیگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کے لیے میں ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کروں گا'۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان ان کی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت امیگریشن کو معطل کرنے اور کورونا وائرس کے باعث ملک کی معشیت اور صحت کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہے۔

ری پبلکن صدر کے اس بیان پر ڈیموکریٹس کی جانب سے فوری مذمتی بیان جاری کیا گیا اور کہا گیا کہ ٹرمپ کورونا وائرس کے خلاف اپنے ناقص اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی خام تیل کی قیمت تاریخ میں پہلی بار منفی ہوگئی

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی ورک فورس کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز اور اموات سامنے آئی ہیں۔

ادھر امریکا میں نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران کئی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو برخاست کردیا جس کے باعث لاکھوں امریکی بے روزگار ہوگئے ہیں۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے اس فیصلے کی وجوہات اور قانونی بنیاد کے حوالے سے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔

ڈیموکریٹس کی سابق صدارتی امیدوار ایمی کلوبچار نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ 'ہمارا ملک وبا سے لڑ رہا ہے اور ہمارے ورکرز نے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے لیکن صدر مہاجرین پرحملہ کررہے ہیں اور اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر دھر رہے ہیں'۔

کورونا وائرس کے باعث پروازوں کی تنسیخ اور سرحدوں کو بند کرنے کے بعد امریکی میں غیر ملکیوں کی آمد پہلے ہی معطل ہوچکی ہے اور اسی طرح کے اقدامات دنیا کے دیگر ممالک نے بھی کررکھے ہیں۔

ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ ان کے حامیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخاب کی مہم میں کہا تھا کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرکے مہاجرین کو روکا جائے گا۔

ڈیموکریٹس کے ایک اور سابق صدارتی امیدوار جولیان کاسٹرو نے ٹرمپ کو مخاطب کرکے کہا کہ 'آپ امیگریشن کو معطل کردیں لیکن آپ ہماری قوم کو پہلے ہی کمزور معیشت تک پہنچا چکے ہیں'۔

رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے باعث امریکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے اور تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ افراد نے گزشتہ ماہ بے روزگاری مراعات کے لیے درخواست دی تھی۔

خیال رہے کہ امریکا میں اب تک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا میں گزشتہ روز 27 ہزار نئے کیسز ریکارڈ ہوئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 7 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا وائرس کی تشخیص

ممبئی کے 53 صحافی کورونا وائرس کا شکار

نشتر ہسپتال کے کورونا سے متاثر 26 ڈاکٹرز صحتیاب