Live Covid 2019

او آئی سی کی بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کا الزام مسلمانوں پر عائد کرنے کی مذمت

ملک میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے بھارت میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کا الزام مسلمانوں پر عائد کرنے کی اسلاموفوبیا مہم اور مسلمانوں کے ساتھ تفریق اور تشدد کی مذمت کی ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں او آئی سی کے کمیشن نے کہا کہ بھارتی میڈیا مسلمانوں کو منفی انداز میں پیش کررہا ہے جس سے ان کے خلاف تشدد اور تفریق میں اضافہ ہورہا ہے۔

ٹوئٹ میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ ملک میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عالمی قانون کے تحت مسلم اقلیت کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کی جائے۔