کورونا وائرس: ایک دن میں ریکارڈ 20 اموات، مجموعی تعداد 168 ہوگئی
چین سے سامنے آنے والے کورونا وائرس نے 5 ماہ میں دنیا کے 185 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ وائرس دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں مزید نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 310 ہوگئی جبکہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں مزید 20 اموات کے بعد مجموعی تعداد 168 تک پہنچ چکی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا میں مزید 10 جبکہ سندھ میں مزید 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جو وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں مزید ایک، ایک موت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 168 ہوگئی ہے۔
مزید پڑھین: پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 ہزار کے قریب، اموات 148 ہوگئیں
پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد 18 مارچ کو ملک میں پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئی تھی۔
اگرچہ پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی تاہم اپریل کے مہینے میں اس میں تیزی دیکھی گئی۔
یہی نہیں بلکہ 18 سے 31 مارچ کے درمیان 26 لوگ اس وائرس سے انتقال کرگئے تھے تاہم اپریل کے پہلے 18 روز میں 122 اموات سامنے آئیں۔
اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہیں پہلے صوبائی اور پھر وفاقی حکومت متحرک ہوئی تھی اور مختلف پابندیاں عائد کی گئیں بعد ازاں اسے لاک ڈاؤن میں تبدیل کردیا تھا، جس میں اب 30 اپریل تک توسیع کی جاچکی ہے۔
تاہم اس کے باوجود ملک میں جوں جوں ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھ رہی ہے اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
اتوار (19 اپریل) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آئے۔
بلوچستان
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 56 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 432 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ (کورونا مانیٹرنگ روم) کے ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3686 ہو گئی۔
ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک صوبے میں مجموعی طور پر 41 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 702 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں اب بھی 17 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عوام سے درخواست کی کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں اور متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
بعد ازاں رات دیر گئے حکام کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں مزید 35 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ ایک فرد کی موت بھی رپورٹ ہوئی، جس کے بعد صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 3721 جبکہ اموات کی تعداد 42 ہوگئی۔
سندھ
وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو بیان میں صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران ملک میں 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو اب تک سندھ میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 56 تک پہنچ چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 33 متاثرین صحتیاب ہوکر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔
بعد ازاں سندھ حکومت کے محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف کے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں مزید 7 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی تعداد 2544 ہوگئی۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 60 کیسز رپورٹ ہوئے۔
صوبائی وزیر خزانہ اور صحت تیمور خان جھگڑا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ وائرس کی ابتدا سے اب تک کسی بھی صوبے میں رپورٹ ہونے والی اموات کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے، جس کے بعد ملک میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 158 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پشاور اور سوات میں بالترتیب 4، 4 جبکہ ابیٹ آباد اور مردان میں بالترتیب ایک ایک موت رپورٹ ہوئی۔
فراہم کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 137 جبکہ صوبے میں مجموعی اموات 60 ہوگئی۔
اسلام آباد
علاوہ ازیں وائرس سے متعلق تازہ اطلاعات فراہم کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 171 ہوگئی۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک موت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جارہی ہے۔
گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 7 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 257 ہوگئی۔
صحتیاب
تاہم جو چیز اس تمام بحرانی صورتحال کے باوجود اُمید کی کرن نظر آتی وہ مریضوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔
ملک میں کیسز میں تیزی سے اضافے کے ساتھ ہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور مزید 36 افراد نے وائرس کو شکست دے دی ہے۔
ان نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 1868 تک پہنچ چکی ہے۔
مجموعی صورتحال
مزید برآں اگر ہم ملک کے کیسز کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے ایک نظر میں دیکھیں تو پنجاب میں 3721، سندھ میں 2544، خیبرپختونخوا 1137 کیسز ہیں۔
اسی طرح بلوچستان میں 432، گلگت بلتستان 257، اسلام آباد 171 اور آزاد کشمیر میں 48 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں سب سے زیادہ اموات اب تک خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جبکہ دوسرے نمبر صوبہ سندھ ہے۔
- خیبرپختونخوا: 60
- سندھ: 56
- پنجاب: 42
- بلوچستان: 5
- گلگت بلتستان: 3
- اسلام آباد: 2
- آزاد کشمیر: کوئی نہیں
پاکستان میں اموات
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔
18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔
بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ، بلوچستان میں نماز کے اجتماعات پر پابندی
20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔
22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔
اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔
جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔
پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔
علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔
26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔
27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔
اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔
28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔
29 مارچ کو ملک میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی، وزیرصحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد کے انتقال کی تصدیق کی، دوسری طرف خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں بھی ایک اور موت ہوئی جو اس روز کی چوتھی جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کی چھٹی ہلاکت تھی، بعد ازاں گلگت بلتستان سے بھی ایک اور فرد کی موت کی تصدیق ہوئی جو اس روز کی پانچویں موت تھی، اس بارے میں بتایا گیا کہ ایک میڈیکل اسٹافر کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا۔
30 مارچ اب تک ملک کی تاریخ میں اموات کے حساب سے سب سے برا دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ماہ مارچ کے آخری روز بھی 2 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے اور اموات کی تعداد 26 تک پہنچ گئی۔
یکم اپریل کو بھی ملک میں 5 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 31 ہوگئی۔
اگلے ہی روز یعنی 2 اپریل کو سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک موت کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 34 تک جا پہنچی۔
3 اپریل کو بھی ابھی تک گلگت بلتستان میں ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد سندھ میں 3، خیبرپختونخوا میں 2 موت کی تصدیق ہوئی اور اموات 40 ہوگئیں۔
4 اپریل کو ملک میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
5 اپریل کو سندھ میں مزید ایک شخص وائرس کا شکار ہو کر چل بسا جس کے بعد سندھ میں مجموعی اموات 15 ہوئیں بعدازاں خیبر پختونخوا حکام نے مزید اموات کی تصدیق کی جس سے خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 16 اور ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی۔
6 اپریل کو پنجاب میں 3 اور سندھ میں 2 اور اسلام آباد میں پہلی موت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔
7 اپریل کو سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں ایک ایک اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی۔
8 اپریل کو سندھ میں 2، خیبرپختونخوا میں ایک اور پنجاب میں ایک مریض دم توڑ گیا جس کے ساتھ ہی ملک میں اموات 61 تک پہنچ گئیں۔
9 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران پہلے 2 اور بعد ازاں رات گئے مزید 2 اموات کی تصدیق کی گئی جبکہ سندھ اور پنجاب میں ایک، ایک فرد انتقال کرگیا جس کے بعد پاکستان میں مجموعی اموات 67 ہوگئیں۔
10 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور پنجاب میں ایک، ایک متاثرہ فرد جان کی بازی ہار گیا اور ملک میں مجموعی اموات 72 ہوگئیں۔
11 اپریل پاکستان میں اموات کے حساب سے ہلاکت خیز دن رہا اور سندھ اور خیبرپختونخوا میں 6،6 اموات جبکہ پنجاب میں 2 اموات کے بعد مجموعی اموات 86 تک پہنچ گئیں۔
12 اپریل کو سندھ میں 2، پنجاب میں 2 اور خیبرپختونخوا میں 3 اموات رپورٹ ہوئی جس سے ملک کی مجموعی اموات 93 تک پہنچ گئیں۔
13 اپریل کو سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایک، ایک موت رپورٹ ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 96 ہوگئی۔
14 اپریل کو سندھ اور پنجاب میں میں کورونا وائرس کا شکار مزید 4، 4 افراد انتقال کرگئے جبکہ خیبرپختونخوا میں 3 لوگوں کی موت کے بعد مجموعی اموات 107 تک پہنچ گئیں۔
15 اپریل کو سندھ میں 6 اور خیبرپختونخوا میں مزید 4 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 117 ہوگئی۔
16 اپریل کو پنجاب میں 7، سندھ میں 4، خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان میں 3 اموات کی تصدیق کے بعد ایک روز میں 17 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 134 تک پہنچ گئی۔
17 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 5، سندھ اور پنجاب میں 2، 2 اموات ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 143 تک ہوگئی۔
18 اپریل کو سندھ میں ایک اور پنجاب میں 4 اموات رپورٹ ہوئی تھیں جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 148 ہوگئی تھی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔ بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔ 18 اپریل کو سندھ میں مزید 138 کیسز، پنجاب میں 258، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 5 اور آزاد کشمیر میں مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 918 تک پہنچ گئی تھی جبکہ 67 افراد صحتیاب بھی ہوئے تھے۔ کورونا وائرس سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے یہاں کلک کریں اور تفصیلی خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں