پاکستان

پی ٹی آئی کے بانی رکن نجیب ہارون قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی

20 ماہ کی مدت کے دوران اپنے حلقے یا شہر کراچی کے لیے کچھ نہ کرسکا اس لیے اس پوزیشن کا حقدار نہیں، نجیب ہارون

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اور حلقہ 256 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے محمد نجیب ہارون نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا استعفیٰ شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے ’بوجھل دل کے ساتھ قومی اسمبلی کی نشست سے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوادیا‘۔

استعفے کی وجوہات میں انہوں نے بتایا کہ وہ 20 ماہ کی مدت کے دوران اپنے حلقے یا شہر کراچی کے لیے کچھ نہ کرسکے اس لیے وہ اس پوزیشن کے حقدار نہیں۔

استعفے میں نجیب ہارون نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے 20 ماہ، جبکہ پاکستان تحریک انصاف جو ہم نے مل کر بنائی تھی، اس کے 24 سال بعد مجھے احساس ہوا کہ میں آپ کا اعتماد/بھروسہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: فوزیہ قصوری نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرلی

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے میں اپنے حلقے یا اپنے آبائی شہر کی بہتری کے لیے کچھ نہ کرسکا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں حکومت کو ایک سال مکمل ہونے کے بعد وہ 8 ماہ سے اس فیصلے پر غور کررہے تھے۔

نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ میں نے قومی خزانے سے ایک روپیہ نہیں لیا لیکن میرا ضمیر یہ کہتا ہے کہ میں اس پوزیشن پر رہنے کا حق دار نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کے بانی رکن اور قومی اسمبلی تک پہنچنے والے فاؤنڈنگ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے واحد رکن کی حیثیت سے میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ میں جب تک زندہ رہوں پارٹی رکنیت میرے پاس رہے۔

مزید پڑھیں: جسٹس وجیہہ الدین تحریک انصاف سے مستعفی

خیال رہے کہ نجیب ہارون 2018 کے عام انتخابات میں کراچی وسطی کے حلقہ این اے-256 سے متحدہ قومی مومنٹ کے عامر وحیدالدین قریشی کے مقابلے میں 89 ہزار 850 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

یہ پہلی مرتبہ تھا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو شہر قائد میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی اور وہ یہاں قومی اسمبلی کی 14 نشستیں جیت سکی تھی۔

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 ہزار کے قریب، اموات 148 ہوگئیں

انڈس موٹرز کے چیئرمین علی حبیب کا انتقال،صدر، وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

وزیراعظم کی ذخیرہ اندوزوں، اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت