آن لائن پڑھانے کا میرا اب تک کا تجربہ
میں اور میرے ساتھی گزشتہ 2 ہفتوں سے طلبہ کو آن لائن پڑھا رہے ہیں۔ وقت کی کمی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ہدایات کی روشنی میں آن لائن تدریسی عمل تعلیمی سفر کو جاری رکھنے کا ایک طریقہ ہے۔ تاہم ہم میں سے زیادہ تر اساتذہ، انتظامی افراد اور طلبہ کے لیے یہ ایک نئی چیز ہے۔
اس لیے میں نے سوچا کہ کیوں نہ آن لائن تدریسی عمل کے اب تک کے میرے تجربے پر روشنی ڈالی جائے۔ مجھے امید ہے کہ یہ دیگر افراد کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگا۔
میرے زیادہ تر ساتھی اساتذہ اور میں انٹرنیٹ پر براہِ راست کلاسز لے رہے ہیں۔ تو معاملہ یہ ہے کہ میری کلاس کے طلبہ کا ایک چھوٹا حصہ مناسب و معیاری انٹرنیٹ کنیکشن تک رسائی نہیں رکھتا ہے۔ ہم اس مسئلے پر کام تو کر رہے ہیں لیکن چند جگہوں پر انٹرنیٹ کی کوریج ہی نہیں پائی جاتی لہٰذا ایسے طلبہ کو دیگر طریقوں سے اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔ ان طلبہ کو پورا لیکچر سننے اور بعض اوقات مباحثوں میں شامل ہونے میں دشواری پیش آتی ہے۔