پاکستان

کیا ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے؟

حکومت نے نماز کے اجتماعات پرپابندی لگا رکھی ہے تاکہ اس وبا سے لوگوں کومحفوط رکھنےکے لیےسماجی فاصلےکو یقینی بنایا جاسکے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور آج جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کی ہدایات پر عمل درآمد کے سلسلے میں ملک بھر میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 22 مارچ سے ملک کے بیشتر علاقوں میں مکمل یا جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا اور اس وقت سے ہی نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے اور خاص طور پر جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے لیے اس روز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا جاتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال فروری کے اختتام پر ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اب ان کیسز کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 289 تک پہنچ چکی ہے جبکہ وائرس کا شکار ہو کر 137 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ جیسے ہی ملک میں ٹیسٹ کی صلاحیت کو بڑھایا جائے گا کیسز کی تعداد بھی بڑھتی چلی جائے گی، یاد رہے کہ ابتدا میں تمام کیسز بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد میں سامنے آئے تھے لیکن اب مقامی طور پر منتقلی کیسز 58 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔