پاکستان

رمضان کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا، فواد چوہدری

مفتی منیب کو اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے، وفاقی وزیر کی تنقید

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو نظر آئے گا اور 25 اپریل کو ملک میں پہلا روزہ ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'مفتی منیب الرحمنٰ ہمارے بزرگ ہیں اور ان کا احترام ہے، لیکن انہیں اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟'

رمضان المبارک کے چاند سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ 'جہاں تک رمضان کا تعلق ہے تو 24 اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائے گا اور انشااللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہوگا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'پہلے ارادہ تھا کہ اس بار لوگوں کو چاند دیکھنے کے لیے اکٹھا کریں گے، لیکن اب کورونا نے ہر اجتماع منسوخ کرا دیا ہے، انشااللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات منعقد کریں گے۔'

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں اتحاد تنظیمات المدارس کے اجلاس کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی تقی عثمانی نے جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود، مولانا اویس نورانی، مفتی ڈاکٹر عادل، مولانا محمد سلفی، ڈاکٹر اسرارو دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم پرجوش وزرا کو تاریخ پاکستان کا مطالعہ کرائیں، مفتی منیب الرحمٰن

اس موقع پر مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا اور فاصلہ رکھنے کے طبی مشورے پر عمل کیا جائے گا، نماز جمعہ اور نماز تراویح کا باجماعت اہتمام ہوگا اور عبادات کا سلسلہ جاری و ساری ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مساجد میں سینیٹائزر اور جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ضروری اداروں کو کھولنا ضروری ہے تو مدارس اور مساجد کو کھولنا ہماری دینی ضرورت ہے، دینی ضرورت سب سے مقدم ہے اور مقدم ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری اس سے قبل بھی مفتی منیب الرحمٰن اور رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے آئے ہیں۔

ان کی وزارت نے گزشتہ سال قمری کیلنڈر تیار کرنے کے ساتھ چاند دیکھنے کے لیے ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی تھی۔