دنیا کو درپیش کورونا سے بھی خطرناک چیلنجز
یہ جو بحران ہوتے ہیں، یہ کسی نہ کسی موقعے کو جنم ضرور دیتے ہیں اور کورونا وائرس کی عالمی وبا جیسے بے مثل بحران اتنے ہی بے نظیر مواقع کو جنم دیتے ہیں۔
دنیا کے فاشسٹوں، آمروں اور فاشسٹ بننے کے خواہاں آمروں کو یہ بحران اپنے معمول کے کام کو نہ صرف جاری رکھنے بلکہ اس میں تیزی لانے کا موقع فراہم کرتے ہیں، کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ دنیا بحران میں الجھی ہوئی ہے اس لیے وہ جو بھی کریں، ان کے کیے پر ذرا سا بھی ردِعمل نہیں آئے گا۔ بنیادی طور پر اس کا مطلب یہ ہوا کہ وائرس آمرانہ سوچ و فکر کو تیزی سے پنپنے میں مدد کر رہا ہے۔
عوامی جذبات کا سہارا لینے والے ہنگری کے رہنما وکٹر اوبان کی مثال ہی لیجیے جنہوں نے بڑے بے رحمانہ انداز سے طاقت کو ہتھیانے کی خاطر وائرس بلکہ اس کے خوف کو ہتھیار بناتے ہوئے اس موقعے کو ہنگری کے بچے کھچے جمہوری چہرے کو بھی منسوخ کرنے کے لیے استعمال کیا۔
جس ایوان میں وہ دو تہائی اکثریت رکھتے ہیں اسی کے سامنے کھڑے ہوکر انہوں نے ہنگری کو کورونا وائرس سے بچانے کے نام پر ایک ایسے حکم نامے کے تحت خود کو لامحدود اختیارات سے نواز دیا جس میں کہیں بھی تاریخ تنسیخ یا نگرانی کا کوئی تذکرہ نہیں ملتا۔