کھیل

کورونا سے پہلے کرکٹر کی موت، سابق کرکٹر ظفر سرفراز جاں بحق

ظفر سرفراز میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کےبعد انہیں 7 اپریل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
|

دنیا میں کورونا وائرس سے پہلے کرکٹر کی موت ہو گئی ہے اور پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ظفر سرفراز میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں 7 اپریل کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: نئے کیسز سے ملک میں متاثرین 5481، اموات 95 ہوگئی

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے ظفر سرفراز کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 7 اپریل کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور حالت خراب ہونے پر انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ سابق کرکٹر کئی دن سے وینٹی لیٹر پر تھے اور آج وائرس کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔

30 اکتوبر 1969 کو پیدا ہونے والے ظفر سرفراز نے کبھی بھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کی تھی لیکن 50 سالہ کرکٹر کو 15فرسٹ کلاس اور 6 لسٹ اے میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ 15 ہزار تک جا پہنچیں

واضح رہے کہ ظفر سرفراز کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک ملک میں کم از کم 95 افراد ہلاک اور ساڑھے پانچ ہزار سے زائد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔

دنیا بھر میں بھی اس کی تباہ کاریاں تیزی سے جاری ہیں جہاں اب تک وائرس کے نتیجے میں ایک لاکھ 15ہزار افراد ہلاک اور 18لاکھ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

’میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ نیویارک سے متعلق جھوٹ بولا جارہا ہے‘

پاکستان آہستہ آہستہ کورونا سے تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے، بلاول

ڈزنی ورلڈ کا 43 ہزار ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجنے کا منصوبہ