پاکستان

کراچی: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گارمنٹ فیکٹری سیل، 2سپروائزر گرفتار

فیکٹری میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریباً 125 ملازمین کام کر رہے تھے، ایس ایس پی وسطی
|

کراچی میں پولیس نے لاک ڈاؤن کے اقدامات اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فیکٹری سیل کردی جبکہ صوبے میں درجنوں افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ضلع وسطی عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ پولیس نے نیو کراچی صنعتی ایریا میں کپڑے کی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور وہاں 2 سپروائزر کو گرفتار کرلیا۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ فیکٹری کو لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: بیرون ملک سے آئی لڑکی نے 18 رشتے داروں کو کورونا وائرس سے متاثر کردیا

انہوں نے بتایا کہ وہاں کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریباً 125 ملازمین کام کر رہے تھے جس میں 14 خواتین بھی شامل تھیں۔

ایس ایس پی وسطی کے مطابق فیکٹری کے باہر 66 موٹر سائیکل بھی پارک تھیں، مزید یہ کہ اس تمام خلاف ورزی پر پولیس نے گرفتار کیے گئے 2 سپروائزر اور فیکٹری انتظامیہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔

دوسری جانب پولیس نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 291 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ 73 ایف آئی آر بھی درج کرلیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق کراچی میں 119 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

مزید یہ کہ حیدرآباد میں 23، شہید بیظیر آباد میں 42، سکھر میں 34، لاڑکانہ میں 73 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ میرپور خاص میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

اس کے علاوہ صوبے میں دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی تھی، ساتھ ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعلیمی ادارے، پارکس، فیکٹریاں، اشیائے ضروریات کے سوا دیگر صنعتیں مکمل طور پر بند کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک شخص سے گھر کے 7 افراد کورونا وائرس کا شکار

مزید یہ کہ شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور دکانوں کی بندش کا بھی اعلان کیا گیا تھا جبکہ بلاضرورت گھومنے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 1452 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 31 اموات ہوئی ہیں۔

ان 1452 کیسز میں سب سے زیادہ 937 کیسز ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ ملک میں ہونے والی مجموعی 95 اموات میں بھی سب سے زیادہ 28 اموات شہر قائد میں دیکھنے میں آئی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ 15 ہزار تک جا پہنچیں

گرم موسم میں کورونا وائرس کے خاتمے سے جُڑا راز سامنے آگیا

کورونا وائرس: ایکواڈور کے شہر کی گلیوں و گھروں سے 800 لاشیں برآمد