کورونا وائرس: مزید کیسز سے متاثرین 5707، اموات 96 ہوگئیں
پاکستان میں کورونا وائرس پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور مزید نئے کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 707 جبکہ اموات 96 ہوگئیں۔
دنیا بھر میں ساڑھے 20 لاکھ لوگوں کو متاثر اور ایک لاکھ 14 ہزار کے قریب اموات کا سبب بنے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ اپریل کے ماہ سے مزید تیز ہوگیا ہے۔
یکم اپریل سے اب تک نہ صرف ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد دوگنا بڑھی بلکہ اموات میں بھی روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
پیر 13 اپریل کو ملک میں کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی اور سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا بلوچستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں مزید 41 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی تھی۔
کراچی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے جس میں 41 لوگ مزید متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1452 ہوگئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک موت بھی ہوئی جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 30 لوگ صحتیاب بھی ہوئے۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ نے ان 41 کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ 41 کیسز اور ایک موت کراچی میں ہوئی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ یہ تمام کیسز مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں جبکہ وائرس سے انتقال کرنے والی ایک 64 سالہ خاتون تھیں۔
خیال رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ میں صرف کراچی میں 937 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ صوبے کی مجموعی 31 اموات میں سے 28 کراچی میں ہوئی ہیں۔
پنجاب
ادھر صوبہ پنجاب میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 232 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی گئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا تھا کہ صوبے میں 65 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 2656 ہوگئی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ان مجموعی کیسز میں زائرین سینٹر سے 701، رائے ونڈ سے منسلک 864، ایک ہزار 2 عام شہری اور 89 قیدی ہیں۔
مزید یہ کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے صوبے میں ایک موت کی بھی تصدیق کی تھی جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 24 ہوگئی۔
رات گئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید 170 کیسز کی تصدیق کی تھی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2826 ہوگئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ اب تک ڈیرہ غازی خان اور ملتان قرنطینہ مراکز میں 701، شہریوں میں 1059، قیدیوں میں 89 اور تبلیغی جماعت سے منسلک افراد میں 977 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے مزید 56 کیسز کی تصدیق کی تھی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 800 ہوگئی۔
بیان میں کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی تھی، یوں خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ایبٹ آباد کے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔
بلوچستان
گزشتہ روز بلوچستان میں بھی ایک اور کیسز کیس تصدیق کی گئی۔
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایک اور کیس کے بعد متاثرین کی تعداد 231 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 12 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔
ان نئے متاثرین کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 131 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
کورونا وائرس کے حوالے سے سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں تھے۔
اس اضافے کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہوگئی ہے۔
صحتیاب
ادھر جہاں پاکستان میں کیسز اور اموات میں تیزی دیکھی جارہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
آج آنے والے نئے اعداد و شمار میں پاکستان میں مزید افراد وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے۔
جس کے بعد ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1097 ہوگئی۔
نئے اعداد و شمار کے بعد مجموعی ملکی صورتحال کو دیکھیں تو پنجاب میں 2826 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ میں 1452، خیبرپختونخوا میں 800 اور بلوچستان میں 230 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔
مزید برآں اسلام آباد میں 131، گلگت بلتستان میں 224 اور آزاد کشمیر میں 43 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں ہونے والی 96 اموات میں ابھی تک سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔
- خیبرپختونخوا: 35 اموات
- سندھ: 31 اموات
- پنجاب: 24 اموات
- گلگت بلتستان: 3 اموات
- بلوچستان: 2 اموات
- اسلام آباد: ایک موت
- آزاد کشمیر: کوئی نہیں
پاکستان میں اموات
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔
18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔
بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ، بلوچستان میں نماز کے اجتماعات پر پابندی
20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔
22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔
اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔
جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔
پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔
علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔
26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔
27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔
اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔
28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔
29 مارچ کو ملک میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی، وزیرصحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد کے انتقال کی تصدیق کی، دوسری طرف خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں بھی ایک اور موت ہوئی جو اس روز کی چوتھی جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کی چھٹی ہلاکت تھی، بعد ازاں گلگت بلتستان سے بھی ایک اور فرد کی موت کی تصدیق ہوئی جو اس روز کی پانچویں موت تھی، اس بارے میں بتای گیا کہ ایک میڈیکل اسٹافر کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا۔
30 مارچ اب تک ملک کی تاریخ میں اموات کے حساب سے سب سے برا دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ماہ مارچ کے آخری روز بھی 2 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے اور اموات کی تعداد 26 تک پہنچ گئی۔
یکم اپریل کو بھی ملک میں 5 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 31 ہوگئی۔
اگلے ہی روز یعنی 2 اپریل کو سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک موت کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 34 تک جا پہنچی۔
3 اپریل کو بھی ابھی تک گلگت بلتستان میں ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد سندھ میں 3، خیبرپختونخوا میں 2 موت کی تصدیق ہوئی اور اموات 40 ہوگئیں۔
4 اپریل کو ملک میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
5 اپریل کو سندھ میں مزید ایک شخص وائرس کا شکار ہو کر چل بسا جس کے بعد سندھ میں مجموعی اموات 15 ہوئیں بعدازاں خیبر پختونخوا حکام نے مزید اموات کی تصدیق کی جس سے خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 16 اور ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی۔
6 اپریل کو پنجاب میں 3 اور سندھ میں 2 اور اسلام آباد میں پہلی موت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔
7 اپریل کو سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں ایک ایک اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی۔
8 اپریل کو سندھ میں 2، خیبرپختونخوا میں ایک اور پنجاب میں ایک مریض دم توڑ گیا جس کے ساتھ ہی ملک میں اموات 61 تک پہنچ گئیں۔
9 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران پہلے 2 اور بعد ازاں رات گئے مزید 2 اموات کی تصدیق کی گئی جبکہ سندھ اور پنجاب میں ایک، ایک فرد انتقال کرگیا جس کے بعد پاکستان میں مجموعی اموات 67 ہوگئیں۔
10 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 3، سندھ اور پنجاب میں ایک، ایک متاثرہ فرد جان کی بازی ہار گیا اور ملک میں مجموعی اموات 72 ہوگئیں۔
11 اپریل پاکستان میں اموات کے حساب سے ہلاکت خیز دن رہا اور سندھ اور خیبرپختونخوا میں 6،6 اموات جبکہ پنجاب میں 2 اموات کے بعد مجموعی اموات 86 تک پہنچ گئیں۔
12 اپریل کو سندھ میں 2، پنجاب میں 2 اور خیبرپختونخوا میں 3 اموات رپورٹ ہوئی جس سے ملک کی مجموعی اموات 93 تک پہنچ گئیں۔
13 اپریل کو سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایک ایک موت واقع ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 96 ہوگئی.
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔ بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔ -10 اپریل کے پہلے 10 روز کے آخر تک ملک میں 187 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد یہ تعداد 4 ہزار 781 تک پہنچ گئی تھی جبکہ مزید 5 اموات بھی ریکارڈ کی گئی تھیں۔ کورونا وائرس سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے یہاں کلک کریں اور تفصیلی خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں