پاکستان میں 4781 افراد کورونا وائرس سے متاثر، 727 صحتیاب
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور یہ تعداد 4700 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم اس کے باوجود دنیا بھر کی طرح یہاں بھی اس کا پھیلاؤ جاری ہے۔
26 فروری کو پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر آج 45 دن گزرنے تک کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا تاہم اپریل کے مہینے میں یہ اضافہ دوگنا ہوگیا ہے۔
31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد 2007 تک تھی جو آج (10 اپریل) تک بڑھ کر 4781 تک پہنچ گئی ہے۔
آج رپورٹ ہونے والے نئے کیسز پر نظر ڈالیں تو سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے متاثرین سامنے آئے۔
سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 86 کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1214 تک پہنچ چکی ہے۔
اپنے ایک پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کیے، جس میں مزید 86 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 358 ہوگئی ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک موت بھی ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 22 ہوگئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ یہ موت میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی، جن کا ٹیسٹ 8 مارچ کو مثبت آیا تھا تاہم بعد ازاں ان کا 2 مرتبہ ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے ان میں پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے اور وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت نے ان 86 کیسز کی تفصیل بتائی اور کہا کہ کراچی میں 84، حیدرآباد میں ایک، سجاول میں ایک کیس رپورٹ کیا گیا جبکہ ایک فرد جس کا انتقال ہوا وہ بھی کراچی میں ہی تھا۔
ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ یہ تمام کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔
پنجاب
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 56 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 2336 ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ701 زائرین سینٹرز، 733 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 80 قیدیوں اور 822 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان نے صوبے میں کورونا سے مزید ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے پنجاب میں اموات کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں کورونا کے 39 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 656 ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اعداد و شمار میں تصحیح کی گئی ہے۔
محکمے نے صوبے میں کورونا سے مزید 3 اموات کی بھی تصدیق کی، سوات میں تبلیغی سفر کی تاریخ رکھنے والے 75 سالہ، مالاکنڈ میں 80 سالہ اور لوئر دیر میں تبلیغی سفر کی تاریخ رکھنے والے 51 سالہ مریض جاں بحق ہوئے۔
یوں صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 102 سے بڑھ کر 107 تک پہنچ چکے ہے۔
بلوچستان
ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 220 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی 2 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔
ان نئے کیسز کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 213 سے بڑھ کر 215 ہوگئی۔
صحتیاب
تاہم جہاں متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہی صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ روز تک ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 572 تھی تاہم آج نئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک پاکستان میں 727 افراد اس وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔
علاوہ ازیں ان نئے کیسز کے بعد اگر ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پنجاب میں اب تک سب سے زیادہ 2336 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس کے بعد سندھ میں متاثرین کی تعداد 1214 تک پہنچ چکی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 656 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
مزید برآں بلوچستان میں 220 اور گلگت بلتستان میں 215 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں یہ تعداد 107 ہے جبکہ آزادکشمیر میں سب سے کم 33 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا ملک میں ہونے والی 72 اموات پر نظر ڈالیں تو اس وقت سب سے زیادہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں اموات ہوئی ہیں۔
- سندھ: 22 اموات
- خیبرپختونخوا: 25 اموات
- پنجاب: 19 اموات
- گلگت: بلتستان 3 اموات
- بلوچستان: 2 اموات
- اسلام آباد: 1 موت
- آزاد کشمیر: کوئی نہیں
پاکستان میں اموات
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔
18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔
بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ، بلوچستان میں نماز کے اجتماعات پر پابندی
20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔
22 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہی ایک اور مریض کے انتقال کی خبر سامنے آئی تو کچھ ہی دیر بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اسی عالمی وبا کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔
اگلے ہی دن یعنی 23 مارچ کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔
جہاں ایک طرف متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ سامنے آرہا تھا وہیں 24 مارچ کو پنجاب میں بھی پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔
پنجاب میں ہونے والی یہ موت ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے کیس سے پہلا انتقال تھا۔
علاوہ ازیں 25 مارچ کو بھی ملک میں ایک اور موت کی تصدیق ہوئی اور راولپنڈی میں 50 سالہ خاتون دم توڑ گئیں۔
26 مارچ کو لاہور کے نجی ہسپتال میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اور ملک میں مجموعی طور پر 9 اموات ہوگئیں۔
27 مارچ کو لاہور میں ایک اور مریض کورونا وائرس کے باعث دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 4 ہوگئی۔
اسی روز فیصل آباد میں بھی 22 سالہ نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں 5 اور ملک بھر میں اس وبا سے اموات 11 ہوگئیں۔
28 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے ایک خاتون کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔
29 مارچ کو ملک میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی، وزیرصحت سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد کے انتقال کی تصدیق کی، دوسری طرف خیبر پختونخوا میں محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں بھی ایک اور موت ہوئی جو اس روز کی چوتھی جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کی چھٹی ہلاکت تھی، بعد ازاں گلگت بلتستان سے بھی ایک اور فرد کی موت کی تصدیق ہوئی جو اس روز کی پانچویں موت تھی، اس بارے میں بتای گیا کہ ایک میڈیکل اسٹافر کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا۔
30 مارچ اب تک ملک کی تاریخ میں اموات کے حساب سے سب سے برا دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ماہ مارچ کے آخری روز بھی 2 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے اور اموات کی تعداد 26 تک پہنچ گئی۔
یکم اپریل کو بھی ملک میں 5 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 31 ہوگئی۔
اگلے ہی روز یعنی 2 اپریل کو سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک موت کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد 34 تک جا پہنچی۔
3 اپریل کو بھی ابھی تک گلگت بلتستان میں ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی جس کے بعد سندھ میں 3، خیبرپختونخوا میں 2 موت کی تصدیق ہوئی اور اموات 40 ہوگئیں۔
4 اپریل کو ملک میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔
5 اپریل کو سندھ میں مزید ایک شخص وائرس کا شکار ہو کر چل بسا جس کے بعد سندھ میں مجموعی اموات 15 ہوئیں بعدازاں خیبر پختونخوا حکام نے مزید اموات کی تصدیق کی جس سے خیبرپختونخوا میں ہلاکتوں کی تعداد 16 اور ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی۔
6 اپریل کو پنجاب میں 3 اور سندھ میں 2 اور اسلام آباد میں پہلی موت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔
7 اپریل کو سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب میں ایک ایک اموات ریکارڈ کی گئی جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 57 ہوگئی۔
8 اپریل کو سندھ میں 2، خیبرپختونخوا میں ایک اور پنجاب میں ایک مریض دم توڑ گیا جس کے ساتھ ہی ملک میں اموات 61 تک پہنچ گئیں۔
9 اپریل کو خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران پہلے 2 اور بعد ازاں رات گئے مزید 2 اموات کی تصدیق کی گئی جبکہ سندھ اور پنجاب میں ایک، ایک فرد انتقال کرگیا جس کے بعد پاکستان میں مجموعی اموات 67 ہوگئیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔ بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے یہاں کلک کریں اور تفصیلی خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں