دنیا

بل کلنٹن و مونیکا کا اسکینڈل سامنے لانے والی خاتون چل بسیں

70 سالہ لنڈا ٹرپ کی فیملی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا انتقال لبلبے کے کینسر کے باعث ہوا۔

سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا وائٹ ہاؤس کی انٹرنی ملازمہ مونیکا لیونسکی کے ساتھ جنسی اسکینڈل سامنے لانے والی وائٹ ہاؤس کی سینیئر ملازم لنڈا ٹرپ انتقال کرگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 70 سالہ لنڈا ٹرپ کی فیملی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کا انتقال لبلبے کے کینسر کے باعث ہوا۔

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس کی خاتون سینیئر ملازم لنڈا ٹرپ نے مونیکا لیونسکی کے ذاتی فون کا ڈیٹا خفیہ طور پر حاصل کیا تھا، جس سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ سابق صدر بل کلنٹن کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔

مزید پڑھیں: بل کلنٹن اور مونیکا لیونسکی افیئر اسکینڈل پر فلم

رپورٹ کے مطابق لنڈا ٹرپ عمر میں مونیکا لیونسکی سے 24 سال بڑی تھیں، اس کے باوجود ان دونوں میں گہری دوستی ہوگئی تھی، کچھ عرصے بعد انہیں اس بات کا علم ہوا کہ مونیکا لیونسکی بل کلنٹن کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہیں، جس کے بعد 1997 میں انہوں نے اس حوالے سے خفیہ معلومات حاصل کرنا شروع کیں۔

جہاں ایسا کرنے پر لنڈا ٹرپ کو سراہا گیا وہیں کچھ افراد نے انہیں دوستی کے نام پر مونیکا لیونسکی کو دھوکا دینے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد امریکا کے ریاستی تحقیقاتی اداروں، میڈیا اور حکومتی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

اسکینڈل سے متعلق سامنے آنے والی مختلف تحقیقاتی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مونیکا لیونسکی نے سابق صدر کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بل کلنٹن مجھ سے کم عمری میں تعلقات رکھنے پر معافی مانگیں، مونیکا لیونسکی

رپورٹس میں مونیکا لیونسکی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ وائیٹ ہاؤس کی سابق ملازم کے مطابق ان کے اور بل کلنٹن کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے تک باہمی رضامندی کے ساتھ جنسی تعلقات قائم رہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سابق امریکی صدر اور مونیکا لیونسکی کے درمیان وائیٹ ہاؤس میں موجود صدارتی دفتر’اوول‘ میں جنسی ملاقاتیں ہوئیں۔

تحقیقات کی روشنی میں بل کلنٹن کے خلاف مواخذے کی کارروائی بھی شروع کی گئی تھی اور انہیں قانونی و آئینی معاملات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ مونیکا لیونسکی اور بل کلنٹن کے درمیان1997 میں اس وقت رومانوی تعلقات قائم ہوئے جب بل کلنٹن اپنے دوسرے دور کے آخری 3 سال گزار رہے تھے۔

مزید پڑھیں: 'اب تک جو سب سے جرأت مندانہ کام کیا وہ طلاق نہ لینا تھا'

بل کلنٹن 1993 سے 2001 تک 42 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

مونیکا لیونسکی نے گریجوئیشن کے بعد 1995 میں 21 سال کی عمر میں ٹرینی ملازم کے طور پر وائیٹ ہاؤس میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت بل کلنٹن کی عمر49 سال سے زائد تھی اور وہ اہلیہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مونیکا لیونسکی اور بل کلنٹن کے درمیان ہونے والے معاشقے اور سابق امریکی صدر کے خلاف مواخذے کی کارروائی پر فلم بھی بنائی جاچکی ہے۔