کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ہم کہاں غلطی کررہے ہیں؟
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جن باتوں پر سب سے زیادہ زور دیا جارہا ہے ان میں سے ایک قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ اگرچہ مختلف سطحوں پر کسی حد تک اتحاد نظر بھی آتا ہے لیکن قومی فیصلہ سازی میں اس کی غیر موجودگی بے چینی کی وجہ بن رہی ہے کیونکہ قومی اتحاد کا مطلب صرف یہ نہیں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے تمام کاموں پر پورا ملک سرِخم تسلیم کرے بلکہ اس سے مراد تو یہ ہے کہ فیصلہ سازی میں قومی اتفاق رائے پایا جائے۔
جس زبردست انداز سے مسلح افواج سول انتظامیہ کی پشت پناہی کر رہی ہے وہ حکومتی اداروں میں اتحاد کی ایک مثال ہے۔
ایک ایسی ہی مثال وزارتِ اطلاعات، آئی ایس پی آر، وزارتِ صحت اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مابین پایا جانے والا تعاون ہے۔ ہر جگہ ہر طرف بُری طرح سے متاثر ہونے والی برادریوں میں راشن کی تقسیم میں مصروف افسران اور سول سوسائٹی کی ٹیموں کے درمیان تعاون کے کچھ شواہد ملے ہیں۔ لیکن اس طرح قومی اتحاد کا سوال ختم نہیں ہوجاتا۔