رائے ونڈ کی بحریہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی میں 22 نئے کیسز کے بعد جزوی لاک ڈاؤن
لاہور: پولیس نے کورونا وائرس کے 22 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رائے ونڈ میں بحریہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی میں جزوی لاک ڈاؤن کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب انتظامیہ کی تجاویز کے بعد پولیس کی جانب سے بلاکس اور لوگوں کے گھروں کے باہر بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
یہاں یہ واضح رہے کہ رائے ونڈ مرکز میں تبلیغی جماعت کے سیکڑوں افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پولیس نے پہلے ہی پورے رائے ونڈ شہر کو لاک ڈاؤن کردیا تھا تاکہ وائرس کے مقامی لوگوں میں پھیلنے کو روکا جاسکے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے 2 مریضوں سے ان کے 19 قریبی عزیز متاثر
صدر ڈویژن کے ایس پی سید غضنفر نے ڈان کو بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی جہاں 22 کیسز رپورٹ ہوئے وہاں بلاک میں 90 پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں نقل و حرکت کو محدود کردیا گیا ہے اور صرف 2 راستوں کے سوا تمام داخلی و خارجی راستے بند کردیے ہیں۔
مزید برآں حفاظتی اقدامات کے طور پر سوسائٹی میں عام لوگوں کے داخلے پر مکمل پابندی کے علاوہ بحریہ ٹاؤن کی کمرشل مارکیٹس میں سماجی فاصلے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب میں کیسز کی تعداد 2030 تک پہنچ گئی ہے، جس میں گزشتہ روز کے 86 نئے مریض بھی شامل ہیں۔
ان نئے کیسز میں زیادہ تر ڈیرہ غازی خان، ملتان اور فیصل آباد میں قرنطینہ کیے گئے وہ زائرین کے تھے جو ایران سے واپس آئے۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات میں 6 ماہ کی بچی اور 4 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تشخیص
سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ 38 نئے کیسز ڈی جی خان کے قرنطینہ مرکز، 13 فیصل آباد اور 8 ملتان کے آئیسولیشن سینٹر سے رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح منگل کو پنجاب کے 5 اضلاع میں 24 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، جس میں 9 بہاولنگر، 7 گوجرانوالہ، 4 لاہور، 3 راولپنڈی اور ایک قصور سے تھا۔
مزید یہ صوبے کے مختلف شہروں میں قرنطینہ کیے گئے تبلیغی جماعت کے اراکین میں سے صرف 3 افراد میں نئے کیسز سامنے آئے تھے۔