پاکستان

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے پلازما کے استعمال کی اجازت

متاثرین کےعلاج کیلئے صحتیاب ہونےوالےمریضوں کے بلڈپلازما کے استعمال کی اجازت کیلئے ماہرین پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے اس وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کے بلڈ پلازما کے استعمال کی اجازت دے دی۔

اس حوالے سے صوبائی سیکریٹری صحت کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس و طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کردہ صوبائی امیونائزیشن کمیٹی کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے قومی بائیوٹکس کمیٹی کو منظوری کے لیے تفصیلی تجاویز پیش کریں۔

مزید پڑھیں: بلڈ پلازما کا عطیہ دے کر کورونا مریضوں کی جان بچانے والے سپر ہیروز

رواں سال 28 مارچ کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد اکبر خان نے سیکریٹری صحت سے صوبائی امیونائزیشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر طاہر شمسی کی تجویز کے مطابق ایک کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی تھی، یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بھی کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما نکال کر دیگر کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کرنے کی تجویز کو منظور کرلیا تھا۔

جمعے کے روز نیشنل بائیوٹکس کمیٹی نے ایچ ایم سی کی جانب سے امیونائزیشن کے عمل کی منظوری دی تھی تاہم کمیٹی کورونا مریضوں کے پلازما کے ذریعے علاج کے حوالے سے صوبائی حکومت کی باضابطہ منظوری کی منتظر تھی۔

اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ کورونا وائرس کے نئے مریضوں کا صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے علاج پر تجاویز کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔


یہ خبر 6 اپریل 2020 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کورونا وائرس کا شکار برطانوی وزیراعظم ہسپتال میں داخل

بچپن میں دی گئی ٹی بی ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کررہی ہے، تحقیق

سندھ: ڈاکٹرز کا 'حفاظتی اقدامات' کے بغیر ڈیوٹی نہ کرنے کا فیصلہ