کورونا وائرس کے بحران میں سیاسی رہنماؤں کی جدوجہد پر ایک نظر
کورونا وائرس ہم تک صرف پہنچا ہی نہیں، بلکہ اس نے ہمیں حیرت میں بھی مبتلا کردیا ہے۔
اس سے نمٹنے کے لیے اب پاکستان نے بھی کمر کس لی ہے۔ حکومتیں اس کے پھیلاؤ پر ضابطہ لانے کی تگ و دو کر رہی ہیں۔ موجودہ بحران کی صورتحال میں چند سیاستدانوں اور افسران کی مشکل حالات کے باوجود کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سطحوں پر ہمارے چند رہنما بھی ان دیکھے دشمن کے خلاف متاثر کن لڑائی لڑ رہے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا
وائرس کے خلاف قومی کوششوں کے چہرے کے طور پر ڈاکٹر ظفر مرزا روزِ اوّل سے محاذ پر سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے مرکز کی سطح پر ہونے والے تمام اقدامات کو مربوط بنانے جبکہ صوبوں نے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے زمینی معاملات کو سنبھالنے میں متاثر کن کام کیا ہے۔
انہوں نے وزارتِ صحت کو جنگ جیسے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنے اور شہریوں تک معلومات کی فراہمی میں مرکزی کردار بھی ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کی شخصیت میں وہ پُرسکون اور غیر جذباتی انداز جھلکتا ہے جس کی ایک ایسے وقت میں بہت زیادہ ضرورت ہے جب شہریوں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔