لائف اسٹائل

پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر کا شکار

نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ ان کے کینسر کی اسٹیج ون ہے جب کہ ٹیومر کا گریڈ 3 ہے۔

پاکستان کی نامور اداکارہ نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکشاف کیا کہ وہ بریسٹ کینسر (چھاتی کے سرطان) کا شکار ہوگئیں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

اداکارہ نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ’گزشتہ ہفتے مجھ میں کینسر کی تشخیص ہوئی، چار روز میں میں دو بار علاج کے لیے جاچکی ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وہ اداسی، خوف، محبت، سکون، قبولیت، صبر اور شکر جیسے ملے جلے احساسات سے دوچار ہیں جب کہ اس دوران انہیں اپنے بچوں، والدین، اپنے پیاروں اور خود کے لیے ذمہ داری کا احساس بھی ہوا۔

مزید پڑھیں: بچوں کی اسمگلنگ پر مبنی ڈرامے میں نادیہ جمیل کا مرکزی کردار

ایک اور ٹوئٹ میں نادیہ جمیل نے بتایا کہ ’بریسٹ کینسر کی پہلی اسٹیج ہے اور ٹیومر کا تیسرا گریڈ، خواتین کے لیے باقاعدگی سے خود کی جانچ کروانا ضروری ہے، اگر آپ کو اپنے اندر کوئی بھی غیر معمولی کیفیت محسوس ہوتی ہے تو فوری چیک کروائیں، میں اپنی سرجری کی تاریخ کا انتظار کررہی ہوں اور کافی مثبت ہوں، آپ بھی پریشان نہ ہوں اور اپنا بہت خیال رکھیں‘۔

نادیہ جمیل نے ایک اور ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے اپنی چند تصاویر بھی شیئر کیں۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’کینسر نے میری مسکراہٹ نہیں چھینی، شکر ادا کرنے سے، آپ کے پیار سے اور دعاؤں سے مدد ملتی ہے‘۔

اداکارہ کے مطابق ان کی سرجری کل ہوگی اور انہوں نے مداحوں سے ان کے لیے دعائیں کرنے کی درخواست کی۔

خیال رہے کہ اداکارہ نادیہ جمیل اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بے حد سرگرم رہتی ہیں۔

جہاں پاکستان میں کئی خواتین کو بچوں کو گود لینے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اداکارہ نادیہ جمیل نے دو بچوں کو گود لے کر ایک نئی مثال قائم کردی تھی۔

یاسر حسین کی دکھاوا کرکے مدد کرنے والوں پر تنقید

’وہ زندہ ہوتیں تو آج اپنی 55ویں سالگرہ مناتیں‘

بلڈ پلازما کا عطیہ دے کر کورونا مریضوں کی جان بچانے والے سپر ہیروز