پاکستان

’ایچ ای سی جامعات کے آن لائن لیکچرز کا معائنہ کرے گا‘

اگر موجودہ صورتحال31 مئی تک برقرار رہی تو تمام یونیورسٹیز کو آن لائن تعلیم کا سہارا لینا ہوگا، چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری

اسلام آباد: اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے کچھ جامعات میں آن لائن کلاسز کی شکایات پر مواد کا معیار، ادائیگی اور رابطے کو جانچنے کے لیے ان کورسز کی معلومات طلب کرلیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کا کہنا تھا کہ اگر کسی یونیورسٹی میں اچھے معیار کے آن لائن لیکچرز دینے کی صلاحیت کا فقدان پایا گیا تو انہیں مطلوبہ شرائط پوری ہونے تک لیکچرز روکنے کا حکم دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایچ ای سی کووِڈ-19 (کورونا وائرس) وبا کے باعث تبدیل ہوتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جامعات کی قیادت کے ساتھ رابطے میں تاکہ ان جگہوں کی نشاندہی کی جاسکے جہاں تعلیمی رکاوٹ کم سے کم کرنے کے لیے تعاون کی ضرورت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت انٹرنیٹ تک معیاری اور سستی رسائی کو یقینی بنائے‘

انہوں نے بتایا کہ مختلف صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہنگامی منصوبے تیار کیے گئے ہیں، اگر موجودہ صورتحال 31 مئی تک برقرار رہی تو تمام یونیورسٹیز کو آن لائن تعلیم کا سہارا لینا ہوگا۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ایچ ای سی نے ڈیجیٹل لحاظ سے جدید جامعات کو آن لائن کورسز پیش کرنے کی اجازت دے دی ہے تا کہ ایک واحد ’بگ بینگ لانچ‘ سے سسٹم میں آنے والے مسائل سے بچا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ تعلیم کے معیار پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جامعات کو ان کے تعلیمی نظام کے انتظامات کے لیے وقت درکار ہوا تو ان کے پاس اسے مکمل کرنے کے لیے 31 مئی تک کا وقت ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ’اب تک بنیادی آن لائن مواد کی نگرانی کے لیے آئی ٹی سہولیات، سافٹ ویئرز اور ٹیکنالوجی سپورٹ کے لیے 3 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اسی دوران تمام سرکاری جامعات کو آن لائن مباحثے اور اجلاس کے لیے مائیکرو سافٹ ٹیم سوفٹ ویئر تک مفت رسائی دے دی گئی ہے‘۔

یہ بھی دیکھیں: کراچی کے تعلیمی اداروں نے آن لائن کلاسز شروع کردیں

انہوں نے بتایا کہ ایچ ای سی اور مائیکرو سوفٹ اس پلیٹ فارم کو ہموار طریقے سے متعارف کروانے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔

ایک بیان کے مطابق ایچ ای سی نے سوشل میڈیا پر آن لائن تعلیم کے حوالے سے اٹھائے گئے تحفظات کے حوالے سے تمام معلومات اکٹھا کرلی ہیں، انٹرنیٹ تک رسائی کے مسائل پر انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور حل تلاش کرنے والے سافٹ ویئر ماہرین سے بھی مدد لی جارہی ہے‘۔

اس کے علاوہ جامعات کو بھی آن لائن تعلیم کے بہترین طریقوں سے اپنے فیکلٹی اراکین کی تربیت کا کہہ دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس: مارچ میں 200 ارب روپے محصولات کا شارٹ فال

اسرائیل میں الٹرا آرتھوڈوکس یہودی کورونا کے پھیلاؤ کا باعث

کورونا وائرس سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز