Live Covid 2019
شہباز شریف کا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھادیا ہے، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھادیا ہے، لہٰذا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاون ہوگا یا نہیں؟ جبکہ حکومتی حکمتِ عملی واضح کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔
شہباز شریف نے کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لیے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے اور کورونا پر پارلیمانی صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پر فی الفور اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔