کورونا وائرس: اسپین میں پہلی بار ریکارڈ 838 ہلاکتیں
یورپی ملک اٹلی کی طرح اسپین میں بھی ہر آئے دن کورونا وائرس کے مریضوں کی ہلاکت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور وہاں 29 مارچ کو پہلی بار ریکارڈ 838 ہلاکتیں ہوئیں۔
اسپین میں 28 مارچ کو بھی سب سے زیادہ 832 ہلاکتیں ہوئیں تھیں اور خیال کیا جا رہا تھا کہ آنے والے دنوں میں اس سے کم ہلاکتیں ہوں گی تاہم 29 مارچ کو حکومت نے تصدیق کی کہ ملک میں گزشتہ روز کے مقابلے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔
اسپین کی نیوز ویب سائٹ دی لوکل کے مطابق وزارت صحت نے تصدیق کی کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 838 ہلاکتیں ہوئیں۔
اسپین کی حکومت ہر شام کو 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور کورونا میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تصدیق کرتی ہے اور حکام نے تصدیق کی کہ 27 اور 28 مارچ کے مقابلے 29 مارچ کو ملک میں زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔
اسپین میں 838 نئی ہلاکتوں کے بعد شام تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 528 تک جا پہنچی تھی جب کہ 29 مارچ کی صبح تک وہاں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 600 کے قریب تھی۔
اسپینش حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں تاہم نئے مریضوں کے مقابلے ملک میں ہلاکتوں کی رفتار تیز ہے۔
اسپین میں 29 مارچ کی شام تک مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 78 ہزار 797 تک جا پہنچی تھی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں 5 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
اسپین اس وقت کورونا کے باعث ہلاکتوں کے حساب سے اٹلی کے بعد دوسرے نمبر پر بڑا ملک ہے اور وہاں چین کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے ہلاکتیں 31 ہزار تک جا پہنچیں، مریض 6 لاکھ 65 ہزار سے متجاوز
اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 29 مارچ کی شام تک 10 ہزار 33 تھی اور وہاں مریضوں کی تعداد 92 ہزار 472 تھی، اٹلی کی حکومت ہر روز رات کو ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔
29 مارچ کی شام تک دنیا بھر میں کورونا کے باعث ہونے والی 32 ہزار 113 ہلاکتوں میں سے تقریبا 17 ہزار ہلاکتیں صرف 2 ممالک اٹلی اور اسپین میں ہوچکی تھیں اور ان دونوں ممالک کی مجموعی ہلاکتیں باقی دنیا کے تمام ممالک سے بھی زیادہ ہیں۔
جن ممالک میں کورونا کے باعث ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں، ان میں امریکا اور فرانس بھی سرفہرست ہیں جہاں کورونا کے نئے کیسز بھی تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔
امریکا میں 29 مارچ کی شام تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔
اسی طرح فرانس میں 29 مارچ کی شام تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہزار سے زائد جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2300 سے زائد ہوچکی تھی۔
دنیا بھر میں 29 مارچ کی شام تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 84 ہزار سے زائد جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 32 ہزار 113 تک جا پہنچی تھی۔
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 29 مارچ کی شام تک 1566 جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جا پہنچی تھی۔