دنیا

ایران کا کووڈ-19 سے نمٹنے کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان

کاروبار سے متعلق ہونے والے نقصان کے لیے ایک کروڑ 60 یورو قرض دیا جائے گا، ترجمان ایرانی حکومت

ایران نے عالمی وبا کووڈ-19 (کورونا وائرس) سے نمٹنے کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر حسن روحانی کی زیر صدارت نیشنل ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے ایک اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پیکج کی منظوری دی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پیکج میں شامل رقم کو کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے لیے نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے مطالبے پر بند ہونے سے سامنے آنے والے کاروباری نقصان کو پورا کرنے اور صحت کے شعبے میں مالی تعاون کے لیے مختص کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران میں وائرس سے ڈیڑھ ہزار سے زائد ہلاکتیں، 20 ہزار متاثرین

حکومت کے ترجمان علی ربیعی کا کہنا تھا کہ یہ رقم ایران میں گھروں موجود افراد، مزدوروں اور معاشرے کے غریب طبقے میں تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری نقصان کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ یورو قرض کے طور پر دیا جائے گا جنہوں نے اپنے ملازمین کو روزگار سے فارغ کرنے سے انکار کیا تھا۔

علی ربیعی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے لیے طبی آلات، ادویات اور آئی سی یو کی گنجائش میں اضافے کے اقدامات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مختص کی گئی رقم کا ایک حصہ انشورنس فنڈ کو بھی دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کورونا سے ہلاکتیں 31 ہزار تک جا پہنچیں، مریض 6 لاکھ 65 ہزار سے متجاوز

ایرانی صدر حسن روحانی نے اجلاس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیڈکوارٹرز کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جہاں کووڈ-19 سے متاثرہ افراد مفت علاج کی سہولت حاصل کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے علاج کے 90 فیصد اخراجات برداشت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 62 ہزار 73 تک پہنچ گئی ہے جہاں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں اٹلی، امریکا، چین، اسپین اور ایران شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک مجموعی ہلاکتیں 30 ہزار 852 ہوچکی ہیں، جن میں سے صرف 2 ممالک اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: اسپین میں پہلی بار ریکارڈ 838 ہلاکتیں

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کا کہنا تھا کہ ایران میں 38 ہزار 309 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 12 ہزار 391 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 640 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 ہزار 467 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس: پاکستان میں ایک دن میں 5 اموات، مجموعی تعداد 17 ہوگئی

متاثرہ گھرانوں میں نوجوانوں کے ذریعے راشن تقسیم کریں گے، فردوس عاشق اعوان

احتیاطی تدابیر سے ہی وبا پر قابو پاسکتے ہیں، ظفر مرزا