اس نئی تحقیق میں پینگولینز میں دریافت ہونے والی کورونا وائرسز کی مختلف اقسام کے جینیاتی سیکونسز نئے نوول کورونا وائرس سے 88.5 سے 92.4 فیصد تک ملتے جلتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے 2017 اور 2018 کے دوران ایسے 18 پینگولینز کے ٹشوز کے مونوں کا تجزیہ کیا گیا جن کو اینٹی اسمگلنگ آپریشنز کے دوران بازیاب کرایا گیا تھا۔
محققین نے 18 میں سے 5 پینگولینز کے نمونوں میں کورونا وائرسز کو دریافت کیا۔
انہوں نے بعد میں مزید پینگولینز کے نمونوں کے ساتھ یہ عمل دہرایا اور ان میں بھی کورونا وائرسز کو دریافت کیا، جس کے بعد انہوں نے ان وائرسز کے جینومز کے سیکونس کا موازنہ نئے نوول کورونا وائرس سے کیا۔
محققین نے بتایا کہ جینیاتی مماثلت اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں کہ پینگولینز ہی وہ عارضی میزبان ہے جس نے چمگادڑوں سے سارز کوو 2 کو انسانوں میں منتقل کیا، مگر انہوں نے اس امکان کو مسترد بھی نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پینگولینز کو مستقبل میں نئے کورونا وائرسز کے ممکنہ میزبانوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم اس تحقیق کے نتائج کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر دیگر جانداروں کا بھی جائزہ لینا چاہیے جنہوں نے ہوسکتا ہے کہ اس وبا کو انسانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہو۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ وائرس کسی جنگلی جانور ممکنہ طور پر چمگادڑ سے کیسے کسی اور جانور اور پھر انسانوں میں منتقل ہوا۔
مگر اس تحقیق میں ملائین پینگولینز میں اس طرح کے وائرس کو دریافت کیا گیا، جس سے بھی یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان میں یہ وائرس کہاں سے آیا ہوگا کیونکہ پینگولین کی یہ نسل چین کی بجائے جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک میں پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے حکومتوں پر دبائو ڈال کر اس جاندار کی غیرقانونی تجارت کو ختم کرایا جائے۔
نئے کورونا وائرس کے ممکنہ عارضی میزبان کے حوالے سے معلومات سے نئے کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول میں مدد مل سکے گی۔