پاکستان

پنجاب، خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 8 کیسز کی تصدیق

ان پولیو کیسز میں سے 6 خیبرپختونخوا اور 2 پنجاب میں سامنے آئے، رواں سال کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی۔

صوبہ خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب میں پولیو کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 33 تک پہنچ گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سامنے آئے 8 پولیو کیسز میں سے 6 خیبرپختونخوا اور 2 پنجاب میں سامنے آئے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں ایک ہی روز پولیو کے 13 کیسز کی تصدیق

اس بارے میں بتایا گیا کہ پشاور سے 2 اور قبائلی علاقے خیبر، بنوں، نوشہرہ اور لکی مروت سے ایک، ایک کیس سامنے آیا جبکہ فیصل آباد میں پولیو کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

مذکورہ 8 پولیو کیسز سے پہلے ملک میں رواں برس پولیو وائرس کے مجموعی طور پر 25 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

واضح رہے رواں ماہ 14 تاریخ کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سمیت دیگر اضلاع سے مجموعی طور پر 13 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ 27 فروری کو بھی کے پی سے پولیو کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جو پشاور، خیبر اور باجوڑ سے رپورٹ ہوئے تھے۔

کے پی میں 23 فروری کو 5 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں 4 خیبر اور ایک نوشہرہ سے رپورٹ ہوا تھا جبکہ پنجاب سے ایک کیس راولپنڈی میں سامنے آیا تھا۔

پولیو کے کیسز کی زیادہ تعداد خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئی جہاں 8 فروری کو پشاور، خیبر اور باجوڑ سے ایک، ایک کیس کی تصدیق کی گئی تھی جو رواں برس سامنے آنے والے پہلے کیسز تھے۔

واضح رہے کہ پولیو وائرس کی 3 اقسام ہیں جنہیں ٹائپ ون، ٹائپ ٹو اور ٹائپ تھری کہا جاتا ہے۔

مزیدپڑھیں: سندھ، خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز کی تصدیق

کچھ دہائیوں قبل تک ’ٹرائیویلنٹ‘ نامی ویکسین ان تینوں وائرس کی روک تھام کے لیے استعمال ہوتی تھی لیکن 2016 میں ٹائپ ٹو وائرس کے خاتمے کے بعد ’بیویلینٹ‘ نامی دوسری ویکسین متعارف کروائی گئی تھی جس میں صرف ٹائپ ون اور تھری وائرس ہوتے ہیں۔

اس کے باوجود اچانک ٹائپ ٹو کے کیسز سامنے آرہے ہیں اور خدشہ ہے کہ یہ وائرس دوبارہ ابھر سکتا ہے۔

نیشنل انسٹی ٹوٹ آف ہیلتھ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ سال 2020 میں ٹائپ ٹو وائرس کے تمام کیسز ایک سے ڈھائی سال کی عمر کے بچوں میں رپورٹ ہوئے، اس کا مطلب یہ ہے کہ تمام بچے اس وقت پیدا ہوئے جب ٹائپ ٹو وائرس کی ویکسین کا استعمال متروک ہوچکا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 2019 میں ملک بھر سے 146 پولیو کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 2018 میں مجموعی کیسز کی تعداد 12 اور 2017 میں صرف 8 تھی۔

'بھارت نسل پرستانہ برتری کے خطرناک نظریے پر عمل پیرا ہے'

کورونا وائرس: بلوچستان میں پہلی ہلاکت، ملک میں 878 افراد متاثر

ٹرمپ کا کورونا سے متاثرہ ریاستوں میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا حکم