پاکستان

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ڈاکٹر اسامہ کیلئے 'نشان کشمیر' کا اعلان

ڈاکٹر اسامہ شہید نے بہادری اور ہمت کی ایک مثال قائم کی ہے اور وہ پوری انسانیت کا فخر ہیں، راجا فاروق حیدر
|

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کے دوران کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والے گلگت بلتستان کے ڈاکٹر اسامہ ریاض کے لیے ریاست کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز 'نشانِ کشمیر' کا اعلان کیا ہے۔

کورونا وائرس کی صورتحال کے جائزے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ شہید نے بہادری اور ہمت کی ایک مثال قائم کی ہے اور وہ نہ صرف اپنی کمیونٹی اور ملک بلکہ پوری انسانیت کا فخر ہیں۔

اجلاس میں طبی عملے کے خدمات پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ 'ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا وائرس کے خلاف ہماری جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں اور اس کے لیے ہم ان کے انتہائی مشکور ہیں۔'

انہوں نے ان کی بہادری کے اعتراف میں آزاد کشمیر کے گریڈ ایک سے 20 تک کے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میدیکل اسٹاف کے لیے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور ذاتی حفاظٹ کا سامانا دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر اسامہ 22 مارچ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئے تھے۔

نوجوان ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے قائم کیے لیے مرکز میں تعینات تھے اور تفتان سے آنے والے زائرین کی اسکریننگ کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بھی 3 ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی

اسی اجلاس میں راجا فاروق حیدر نے تینوں ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی وہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے سخت کارروائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ 'انتظامیہ لاک ڈاؤن کے عرصے میں عوام کو کھانے پینے کی اشیا اور دیگر بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے۔'

اجلاس کو چیف سیکریٹری ماتھر نیاز رانا کی جانب سے بتایا گیا کہ مظفر آباد کے عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں کورونا کے ٹیسٹ کے لیے لیب قائم کردی گئی ہے، جبکہ میرپور کی لیبارٹری کو بھی اَپ گریڈ کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے راولاکوٹ میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیب قائم کرنے کے لیے رجوع کیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا

مشتبہ کیسز

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں 7 نئے مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ ان مشتبہ افراد میں سے 3 مظفر آباد جبکہ کوٹلی، میرپور، باغ، سُدھنوٹی اور حویلی میں ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 90 مشتبہ مریضوں میں سے 63 کے ٹیسٹ کے نتائج آئے ہیں جن میں سے صرف 2 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

ایپل کی نئی ویب سائٹ پر کووڈ 19 کی اسکریننگ ممکن

لاہور: ڈاکٹرز کی 'غفلت' کے باعث کورونا وائرس کے مریض کی موت

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم، ڈالر 166 روپے پر آگیا