کورونا وائرس کے خلاف آزمانے کے لیے درجنوں ادویات کی شناخت

دنیا بھر میں نئے نوول کورونا وائرس کی وبا میں تیزی کے بعد سے سائنسدانوں کی جانب سے اس کے علاج کی دریافت کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں،
اور اب سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے کہا ہے کہ 70 کے قریب ادویات اور تجرباتی مرکبات کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج میں ممکنہ طور پر موثر ہوسکتے ہیں۔
ان میں سے کچھ ادویات پہلے ہی دیگر امراض کے علاج کے لیے استعمال ہورہی ہیں اور انہیں اب کووڈ 19 کے علاج کے لیے تجویز کیا جارہا ہے،جو کہ ممکنہ طور پر نئی اینٹی وائرل دوا کو تیار کرنے کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار طریقہ ہوگا۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس نئی تحقیق کے نتائج کو ویب سائٹ bioRxiv پر شائع کیا گیا ہے اور اس مقالے کو طبی جریدے میں شائع کرنے کے لیے بھی جمع کرایا گیا ہے۔
اس فہرست کی تیاری کے لیے سیکڑوں محققین نے کورونا وائرس کی جینز پر ہونے والی غیرمعمولی تحقیق کا آغاز کیا۔
پھیپھڑوں کے خلیات کو متاثر کرنے کے لیے کورونا وائرس کو اپنے جینز کو اس میں داخل کرنا ہوتا ہے، جس کے بعد خلیات وائرل پروٹین بنانے لگتے ہیں، جو لاکھوں نئے وائرسز کی تیاری کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ایسے تمام وائرل پروٹینز کو اپنے کام کے لیے ضروری انسانی پروٹینز کو جکڑنا ہوتا ہے۔
اس نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے 29 میں سے 26 جینز کی جانچ پڑتال کی جو کہ وائرل پروٹینز کو بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
محققین نے دریافت کیا کہ کورونا وائرس 332 انسانی پروٹینز کو ہدف بناتا ہے ، کچھ وائرل پروٹین بظاہر صرف ایک انسانی پروٹین کو نشانہ بناتے ہیں جبکہ دیگر وائرل پروٹین متعدد انسانی خلیاتی پروٹینز کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
محققین نے ایسی ادویات کو بھی دریافت کرنے پر کام کام کیا جو ان انسانی پروٹینز کو اپنی حفاظت میں لے سکے جو کورونا وائرس کا نشانہ بنتے ہیں۔
تحقیقی ٹیم نے ایسی 24 ادویات کی شناخت کی جن کے استعمال کی منظوری امریکا کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے مختلف امراض جیسے کینسر، بلڈ پریشر اور پارکنسن کے لیے دے رکھی ہے۔