Live Covid 2019

کورونا کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات میں 2سے3 ہفتوں میں نرمی متوقع ہے، ایرانی صدر

ایران میں 100 سے زائد مزید ہلاکتوں کے بعد کورونا وائرس کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 556 تک پہنچ گئی ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات میں آئندہ 2 سے 3 ہفتوں نرمی متوقع ہے۔

حسن روحانی نے ہفتے کو ٹی وی پر اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ایران کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے لیکن ہم حالات معمول پر لا کر ان سازشوں کامقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لیے جو بھی ممکن ہوا وہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے بہت سارے ایرانی عوام اپنی صحت ، نوکریوں اور آمدنی سے محروم ہوجاتے ہیں اور وہ وائرس کے ساتھ ساتھ موجودہ امریکی حکومت کی ظالمانہ پابندیوں اور پالیسیوں کے خلاف بھی مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

ایران میں 100 سے زائد مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 556 تک پہنچ گئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20ہزار 610 ہے اور 7ہزار 635افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔