پاکستان

سندھ پولیس نے 4 سے زائد افراد کے ایک ساتھ سفر پر پابندی لگادی

بلاجواز چار یا چار سے زائد افراد ایک جگہ جمع نہ ہوں بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی، آئی جی پی سندھ مشتاق احمد مہر

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ (آئی جی پی) مشتاق احمد مہر نے سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ایک ساتھ 4 یا 4 سے زائد سفر کرنے والوں کے خلاف پولیس کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مشتاق احمد مہر نے پولیس کو واضح ہدایات جاری کیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ 4 یا زیادہ افراد غیر ضروری اور بغیر کسی وجہ کے گاڑیوں میں سفر نہ کریں یا سڑکوں یا دیگر مقامات پر جمع نہ ہوں۔

مزیدپڑھیں: کورونا وائرس: وزیر اعظم کا مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

مشتاق احمد مہر نے کہا کہ بصورت دیگر ان کے خلاف جمعہ سے قانونی کارروائی شروع کردی جائے گی۔

صوبائی پولیس چیف نے سندھ میں کورونا وائرس کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ پر مذکورہ ہدایات جاری کیں۔

آئی جی پی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بلاسبب سفر کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور لوگوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: محصولات کی وصولی میں 300 ارب روپےکا نقصان

انہوں نے تجویز پیش کی کہ وائرس سے لڑنے کے لیے پہلا قدم لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنا تھا اور لوگوں پر لازم ہے کہ وہ اپنا سماجی رابطہ کم سے کم کریں۔

آئی جی نے عام لوگوں، تاجروں اور معاشرے کے دیگر طبقوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اس وائرس کے خلاف سندھ حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر رضاکارانہ طور پر عمل کیا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھایا ہے۔

مشتاق مہر نے تجویز پیش کی کہ ذمہ دارانہ سلوک کا مظاہرہ کرنا لوگوں کی ذمہ داری اور فرض ہے کیونکہ کورونا وائرس کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کا یہ واحد راستہ تھا۔

پولیس چیف نے کہا کہ 'ہمیں اس وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے نہ صرف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا بلکہ اس ضمن میں حکومت کے اقدامات کو بھی عملی جامہ پہنانا ہوگا'۔

مزیدپڑھیں: کورونا وائرس پر گرم موسم کے اثر سے متعلق نئی تحقیق سامنے آگئی

واضح رہے کہ صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں گزشتہ روز تک مزید 37 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت بلتستان میں مزید 8 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 453 تک جاپہنچی ہے۔

اس ضمن میں گزشتہ روز محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے پہلے سندھ میں 3 نئے کیسز کی تصدیق کی، بعد ازاں انہوں نے مزید 2 نئے کیسز کی بھی تصدیق کردی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پانچوں نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کُل مریضوں کی تعداد 213 تک پہنچ چکی ہے۔


پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان، افغان مہاجرین سے ملاقات

عالمی دفاعی اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ

خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 6 کیسز کی تصدیق