لائف اسٹائل

امریکی مالز میں پاکستانی موجود، گورے ڈرپوک نکلے، حرا مانی

کورونا جہاں دنیا بھر کے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں حرا مانی مداحوں کو مالز میں گھومنے پر شاباشی دیتی نظر آئیں۔

پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور حرا مانی اس وقت امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی مقبولیت کے بعد مداحوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

ویسے جہاں اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس کا خوف بڑھ رہا ہے، وہیں لوگوں کو یہ بھی ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور اپنی حفاظت کریں۔

البتہ ہمارے ان ستاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھا جائے تو یہ بھی اس خطرناک وقت میں اپنا خیال ضرور رکھ رہے ہیں۔

تینوں اداکار ماسک اور ہاتھوں میں دستانے پہنے نظر آئے اور اُمید ہے کہ مسلسل ہاتھ بھی دھو رہے ہوں گے۔

تاہم اداکارہ حرا مانی اس مکمل صورتحال میں مداحوں کو کچھ اور ہی پیغام دیتی نظر آئیں۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوریز کی سیریز شیئر کی جس میں وہ چند دوستوں کے ساتھ گاڑی میں موجود ہیں۔

ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہاں سخت کرفیو لگا ہوا ہے، تمام بڑے برانڈز بند ہیں، سڑکیں خالی ہیں، میں یہاں فرسٹ کالونی نامی ایک مال میں گئی اور وہاں جنتے بھی پاکستانی لوگ تھے اور سیلز گرلز وہ موجود تھیں اور سارے گورے چھٹیوں پر گئے ہوئے تھے، تو ہمارے گورے بہت ڈرپوک نکلے‘۔

تاہم اداکارہ کو ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے اداکارہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’حرا مانی ایسا ظاہر کرنا بند کریں جیسے آپ کو کوئی معلومات نہیں، آپ کو بڑی تعداد میں لوگ فالو کرتے ہیں، آپ مالز میں گھومنا چاہتی ہیں اور سوچتی ہیں کہ آپ بہادر ہیں، تو ٹھیک ہے، لیکن اس کی ویڈیو بنا کر پوسٹ کرنا بند کریں اور یہ پیغام دینا بند کریں کہ ایسا کرنا ٹھیک ہے، کیوں کہ یہ ٹھیک نہیں ہے‘۔

حال ہی میں اداکارہ نے کورونا کے لیے ایک گانا بھی بنایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔

جہاں دنیا بھر میں نامور شخصیات مداحوں کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بتائی ہدایات پر عمل کرنے کا پیغام دے رہی ہیں وہیں حرا مانی اپنے اس پیغام سے مداحوں کو گمراہ کررہی ہیں۔

پاکستانی شائقین کو چاہیے کہ وہ حرا مانی کی اس ویڈیو کو نظر انداز کریں اور اداکارہ ماہرہ خان کی اس ٹوئٹ پر فوکس کریں جس میں وہ عوام کو گھروں میں رہنے کا پیغام دیتی نظر آئیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 29 فروری کو سامنے آیا تھا اور گزشتہ 15 دن میں وہاں کورونا کیسز کی تعداد یورپ کے بعد تیزی سے بڑھی ہے، جس کے بعد امریکی صدر نے جہاں ملک میں قومی ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے، وہیں وائرس سے بچنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ نے یوم دعا کا دن منانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

امریکا نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پروازیں منسوخ کردی ہیں اور اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ہونے والے کئی میوزک فیسٹیول، کھیلوں کے مقابلے، صحت اور کاروبار سے متعلق سیمینار اور فلموں کی نمائش بھی منسوخ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس نے امریکا کی تمام 50 ریاستوں کو لپیٹ میں لے لیا

کورونا وائرس نے محض 18 دن میں ہی امریکا کی تمام ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لیا اور وہاں پر 18 مارچ کی صبح تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ساڑھے 6 ہزار تک جا پہنچی تھی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 110 تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 269 ہوچکی ہے۔