ایپل کی جانب سے 2 سستے آئی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان
ایپل کی جانب سے جلد ایک سستا آئی فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور اب یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اسے 2 ورژن میں پیش کیا جائے گا۔
جی ایس ایم ایرینا کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 9 کے ساتھ اس کا پلس ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں 5.5 انچ ڈسپلے دیا جاسکتا ہے اور اسے آئی فون 9 پلس کا نام دیا جاسکتا ہے۔
اس میں اے 13 بائیونک پراسیسر موجود ہوگا جو اس وقت گزشتہ سال کے آئی فون 11 سیریز کے فونز میں بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 14 کے کچھ کوڈز سے اس فون کی تصدیق ہوئی ہے اور عندیہ ملا ہے کہ آئی فون 9 سیریز کے فونز 2017 کے آئی فون 8 اور 8 پلس کے متبادل ہوں گے۔
آئی فون 11 اور آئی فون ایکس آر کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کمپنی کو توقع ہے کہ سستے آئی فونز لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
دونوں فونز میں ٹچ آئی ڈی سیکیورٹی آپشن دیا جائے گا تاہم ان کو متعارف کرانے کی تاریخ ابھی واضح نہیں کیونکہ کورونا وائرس کے نتیجے میں سپلائی چین متاثر ہوئی ہے۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 9 کو مارچ کے آخر میں پیش کیا جاسکتا ہے مگر کورونا وائرس کے نتیجے میں اب اسے متعارف کرانے کا منصوبہ غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی فون 9 میں 4.7 انچ اسکرین کا ہوگا جبکہ اس کا ڈیزائن آئی فون 8 سے ملتا جلتا ہوسکتا ہے مگر اس میں آئی فون 11 میں دیا گیا پراسیسر موجود ہوگا۔
اس فون میں 2019 کے آئی فونز کے بیشتر فیچرز موجود ہوں گے جبکہ قیمت کم رکھنے کے لیے سستے ایل سی ڈی ڈسپلے کو استعمال کیا جائے گا۔
اس میں آئی فون 8 کی طرح بیک پر 12 میگا پکسل کا سنگل کیمرا ہوگا جبکہ فرنٹ پر بھی ایک کیمرا ہوگا۔
اس کے علاوہ 3 جی بی ریم کے ساتھ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دیئے جائیں گے۔