حکومت کا ڈیجیٹل ڈپلومیسی کیلئے میڈیا ونگ بنانے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ڈیجیٹل ڈپلومیسی کی حکمت عملی کے لیے 23 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈیجیٹل میڈیا کے لیے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات میں ڈیجیٹل میڈیا ونگ کی تشکیل کے لیے کابینہ نے 3 ہفتے قبل رواں مالی سال میں کے دوران 4 کروڑ 27 لاکھ 91 ہزار روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی تھی۔
مزیدپڑھیں: سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے زیر انتظام ڈیجیٹل میڈیا ونگ سوشل میڈیا پر حکومتی فیصلے کا دفاع کرے گا اور حکمراں جماعت پی ٹی آئی پر ہونے والی تنقید کا جواب دے گا۔
تاہم ان رپورٹس میں کیے گئے دعوؤں کو ارسلان خالد نے مسترد کرتے ہوئےڈان کو بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ کا مینڈیٹ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن نے کہا کہ 'حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا ونگ سوشل میڈیا ڈیموکریسی کے لیے کام کرے گا (اور) جعلی خبروں کے تدارک پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا'۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد لینڈنگ کی ’افواہ‘، آخر مشن تھا کیا؟
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹجی کی بہترین کارکردگی سمیت مہم کی تشہیر کے لیے ڈیجیٹل میڈیا ونگ فرائض انجام دے گا۔
ڈاکٹر ارسلان خالد نے بتایا کہ حکومت اپنے شعبہ جات کے لیے سوشل میڈیا پالیسی مرتب کرچکی تھی اور مذکورہ ونگ اس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
23 رکنی ڈیجیٹل میڈیا ونگ میں ایک جنرل منیجر، ایک ڈیجیٹل میڈیا کنسلٹنٹ، 5 ڈیجیٹل کمیونیکشن افسر، 3 ویڈیو ایڈیٹرز، 2 ویڈیو گرافر، ایک فوٹو گرافر، 4 گرافک ڈیزائنرز، 5 مصنفین اور ایک ڈیجیٹل فِیڈ منیجر شامل ہوں گے۔
مذکورہ ملازمت سے متعلق دستیاب دستاویزات کے مطابق جنرل منیجر، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں کام کریں گے اور پی آئی ڈی کے تحت کام کرنے والے تمام سرکاری محکموں کے لیے ڈیجیٹل میڈیا حکمت عملی پر عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔
علاوہ ازیں تمام وزارتوں کے تحریری مواد کے نظم و نسق کے علاوہ اس حکمت عملی میں ڈیجیٹل اشتہارات کی تشکیل کے ساتھ حکومت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تصدیق بھی شامل ہوگی۔
مزیدپڑھیں: ڈیجیٹل کمپنیوں کا حکومت سے آن لائن ریگولیشن پر نظرثانی کا مطالبہ
دوسری جانب ڈیجیٹل کنسلٹنٹ سرکاری پروگراموں اور اعلانات کی کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی وی اور میڈیا ہاؤسز کے ڈیجیٹل ڈیسک کے ساتھ رابطے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا۔
مزید برآں 5 ڈیجیٹل کمیونیکشن افسران وزارت خزانہ، غربت کے خاتمے اور صحت، اطلاعات، خارجہ اور داخلہ امور کی وزارتوں میں کام کریں گے، ساتھ ہی وزارت خارجہ میں کام کرنے والے کمیونکیشن آفیسر کو سیاحت کے فروغ کا کام بھی سونپا جائے گا۔
اس بارے میں وزیر اعظم کے فوکل پرسن نے بتایا کہ بھرتی عوامی ہوگی اور اس ہفتے ایک اشتہار بھی دیا جائے گا۔
یہ خبر 17 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی