لائف اسٹائل

ہولی وڈ اداکار ادریس البا میں کورونا وائرس کی تشخیص

انہوں نے یہ بات ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام کے دوران بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں علامات نظر نہیں آئی تھیں۔

معروف ہولی وڈ اداکار ادریس البا نے اعلان کیا ہے کہ ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ اعلان ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں کیا جس کے کیپشن میں لکھا تھا 'آج صبح میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا، میں خود کو ٹھیک محسوس کررہا تھا اور کوئی علامات بھی اب تک سامنے نہیں آئی، مگر میں نے خود کو اس وقت اپنے آپ کو آئسولیٹ کرلیا تھا جب میں نے وائرس کے ممکنہ منتقلی کو دریافت کیا۔ آپ لوگ گھر پر رہیں، میں اپنی حالت سے آپ کو باخبر رکھوں گا، پریشان کا شکار مت ہوں'۔

لگ بھگ 2 منٹ کی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس لیے ٹیسٹ کرایا تھا کیونکہ ان کے ایک جاننے والے میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا 'دیکھیں یہ بہت سنگین معاملہ ہے، اب وقت ہے کہ ہم سماجی طور پر فاصلے بڑھانے اور ہاتھوں کو دھونے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں'۔

ان کا کہنا تھا 'ہم اس وقت منقسم دنیا میں جی رہے ہیں، ہم سب اسے محسوس کرسکتے ہیں، مگر اب وقت یکجہتی کا وقت آگیا ہے، یہ وقت ہے کہ ہم ایک دوسرے کے بارے میں سوچیں'۔

اس سے قبل ہولی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ سابق بونڈ گرل اولگا کیورلیکنکو کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بھی 16 مارچ کو اب تک سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے جن کی تعداد 131ہے جبکہ مجموعی تعداد 184تک پہنچ گئی۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ 75 ہزار کے قریب کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 67 سو سے زائد اموات اور 77 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے ہیں، تاہم اب تک اس کا کوئی باقاعدہ علاج دستیاب نہیں۔

ہولی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ میں کورونا کی تشخیص

کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی پہلی بار انسانوں پر آزمائش شروع

علی ظفر کے کورونا وائرس پر بنائے گانے سے شائقین ناراض