مہوش حیات ہولی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کے شو میں جلوہ گر ہوں گی
پاکستان کی نامور اداکارہ اور تمغہ امتیاز اپنے نام کرانے والی مہوش حیات بہت جلد برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کے ایک شو میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں جس کی پروڈکشن کوئی اور نہیں بلکہ ہولی وڈ کی کامیاب اداکارہ اینجلینا جولی کررہی ہیں۔
اس حوالے سے اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے پر بات کرتی نظر آئیں۔
ویڈیو میں انہوں نے سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرنے پر بھی بات کی اور اس کی اہمیت بتائی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتی ہوں کہ اداکار اور اداکاراؤں کو برابر معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی برابر عزت بھی ہو'۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات کی یہ ویڈیو کیوں وائرل ہورہی ہے؟
مہوش حیات کے مطابق 'اگر سوشل میڈیا کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور لوگوں کو اس کے ذریعے آگے بڑھنے میں مدد بھی ملے گی'۔
انہوں نے فلموں میں اپنے کرداروں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ 'جس قسم کے کردار میں نے فلموں میں ادا کیے وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف تھے'۔
خیال رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے اس پروگرام کا نام 'بی بی سی مائے ورلڈ' رکھا گیا ہے اور اینجلینا جولی اس کی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔
اس پروگرام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'ایک ماں ہونے کی حیثیت سے میں خوش ہوں کہ اس پروگرام کو سپورٹ کرسکوں جو بچوں کو بہت کچھ سکھائے گا اور دنیا بھر میں موجود نوجوانوں کو ایک دوسرے سے جوڑے گا'۔
اس پروگرام کی اقساط ہر اتوار بی بی سی ورلڈ نیوز پر نشر ہوں گی جبکہ بی بی سی کی 42 مختلف زبان کی سروسز پر بھی اسے شیئر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: طارق فتح کو مہوش حیات کا کرارا جواب
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب مہوش حیات نے انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے کے حوالے سے آواز اٹھائی ہو۔
اس سے قبل بھی اداکارہ کئی پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے بات کرچکی ہیں۔