پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ ناقابل یقین اور سب سے بہترین رہا، معین علی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے معروف آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ان کی شرکت کی ایک اہم وجہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی تھی۔
معین علی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں یہاں کا ماحول اور فرنچائز کرکٹ سے بھی لطف اندوز ہونا چاہتا تھا لیکن پی ایس ایل میں شرکت کی اصل وجہ یہ تھی کہ میں پاکستان میں دوبارہ کرکٹ ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا تاکہ ان کے شائقین بھی اچھے کھلاڑیوں کو سامنے کھیلتا ہوا دیکھ سکیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل، پلے آف میچز ختم، فائنل 18مارچ کو ہو گا
ان کا کہنا تھا کہ میرے آباؤ اجداد کا پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے یہاں آنا اور آ کر کھیلنا ایک مختلف تجربہ ثابت ہوا، میرے والد چاہتے تھے کہ میں یہاں آ کر کھیلوں، یہ تجربہ بہت شاندار رہا، میں نے یہاں جو تین میچز کھیلے، ان میں ماحول ناقابل یقین تھا اور یہ اب تک کا میرا سب سے بہترین تجربہ رہا۔