پی ایس ایل سے تماشائی بے دخل، کیا یہ اچھا فیصلہ ہے؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سب سے بڑی rivalry بلاشبہ کراچی اور لاہور کی ہے۔ کنگز اور قلندرز کے مابین گزشتہ شب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اور چند روز قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کھیلے گئے تو دنیا نے دیکھا کہ ان دونوں کو کھیلتا دیکھنے کے لیے کتنی بے تابی پائی جاتی ہے۔
پھر دونوں میچ ہوئے بھی بڑے شاندار لیکن افسوسناک خبر یہ ہے کہ اس میچ کے ساتھ ہی اعلان کردیا گیا کہ اب پی ایس ایل سیزن 5 میں آئندہ سارے میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔ اس انتہائی فیصلے کا سبب کورونا وائرس کی وہ عالمی وبا ہے کہ جس نے اس وقت دنیائے کھیل کو بھی بُری طرح متاثر کر رکھا ہے۔
تادمِ تحریر دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار ہے جن میں سے 5 ہزار کی موت واقع ہوگئی ہے۔ مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی مریضوں اور اموات کی شرح میں یکدم اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب دنیا بھر میں سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔