پاکستان

کراچی میں 'پی ایس ایل' کے میچز شائقین کے بغیر ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

دیگر میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے جس میں شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، مراد علی شاہ
|

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں منعقد ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے حوالے سے پالیسی فیصلہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ سے لیگ کے میچز شائقین کے بغیر ہوں گے۔

یہ فیصلہ کورونا وائرس کے حوالے سے صوبائی حکومت کی ٹاسک فورس کے اجلاس میں لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 'آج کے میچ میں شائقین ہوں گے لیکن کل اور دیگر میچز بند اسٹیڈیم میں ہوں گے اور شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی'۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 'ہم میچز کروا رہے ہیں لیکن مزید خطرہ مول نہیں لے سکتے'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر آج کے میچ کے انتظامات کے حوالے سے بریف کیا۔

مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دیں کہ وہ پی سی بی سے بات کر کے اس فیصلے پر عملدرآمد کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کو ہلکا مت لیجیے، یہ توقعات سے زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے

کمشنر نے اجلاس کے دوران ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرکے انہیں وزیر اعلیٰ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پی سی بی کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے'۔

واضح رہے کہ جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا ہے۔

پاکستان کے 4 شہروں میں پی ایس ایل کے میچز کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا جبکہ فائنل 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 21 تک جا پہنچی ہے جن میں سے 15 کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: بلوچستان میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان

پاکستان میں کورونا وائرس

کورونا وائرس: پی ایس ایل میچز پر حکومت سندھ کے فیصلے پر عمل کریں گے، پی سی بی

’پی ایس ایل کی وجہ سے کورونا کیسز چھپانے کی بات بالکل غلط ہے‘

کراچی میں پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، حکومت سندھ