عالمی یوم خواتین کے موقع پر دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی خواتین اپنے حقوق اور اظہار کے لیے گھروں سے باہر نکلیں اور انہوں نے پر امن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
پاکستان میں ہرسال ہی ’یوم خواتین‘ کے موقع پر ملک کے اہم اور بڑے شہروں میں تقاریب، ریلیوں اور مظاہروں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جن میں مختلف طبقہ ہائے فکر کی خواتین سمیت مرد حضرات کی بھی بہت بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔
اس بار بھی یوم خواتین کے موقع پر پاکستان کے اہم ترین اور بڑے شہروں میں خواتین نے ’عورت مارچ‘ اور ’حیا مارچ‘ نکالے، جن میں ہر طبقہ فکر کی خواتین نے اپنے مذہبی، آئینی و قانونی حقوق کا مطالبہ کیا۔
اگرچہ دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ’عورت مارچ‘ میں کچھ بدنظمی ہوئی اور ’عورت مارچ‘ کے شرکا پر پتھراؤ بھی کیا گیا، تاہم ملک کے دیگر شہروں اور مظاہروں سے کسی بھی قسم کی کشیدگی کی خبر سامنے نہیں آئی بلکہ حیران کن طور پر تمام مظاہروں میں مرد حضرات کی بہت بڑی تعداد نے شریک ہوکر خواتین کو پیغام دیا کہ وہ ’حقوق کی جنگ‘ میں اکیلی نہیں۔