کھیل

گلیڈی ایٹرز کو قلندرز کے ہاتھوں 8وکٹوں سے بدترین شکست

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9وکٹوں کے نقصان پر 98رنز بنائے، لاہور قلندرز نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے سمیت پٹیل کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر کردیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز ہی تباہ کن انداز سے ہوا اور شین واٹسن پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 13 تک پہنچا ہی تھا کہ شاہین نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے احمد شہزاد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد سمیت پٹیل نے دو ہی اوورز میں شاندار باؤلنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

سمیت نے پہلے سرفراز احمد کو آؤٹ کیا اور پھر اگلے اوور میں چند گیندوں کے فرق سے جیسن روئے، اعظم خان اور بین کٹنگ کو پویلین رخصت کر کے چار وکٹیں حاصل کر لیں۔

سمیت پٹیل نے ناقابل یقین اسپیل کرتے ہوئے 4اوورز میں 5 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔

سہیل خان اور محمد نواز نے اس موقع پر سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 29رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

50 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز 26گیندوں پر 10رنز بنانے کے بعد راجا فرزان کو وکٹ دے بیٹھے فواد احمد بھی صرف 4رنز ہی بنا سکے۔

سہیل خان نے 32رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کسی حد تک بہتر مجموعے تک رسائی دلانے کی مقدور بھر کوشش کی، وہ اننگز کے 19ویں اوور میں دلبر حسین کا نشانہ بنے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 98رنز بنائے، سمیت پٹیل نے 4 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور راجا فرزان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 27رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان20 اور کپتان سہیل اختر 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

32رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور بین ڈنک کی جوڑی نے میدان سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید کسی نقصان کے بغیر ہی اپنی ٹیم کو 49گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

محمد حفیظ 39 اور ڈنک 30رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سمیت پٹیل کو تباہ کن باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، ڈین ولاس، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمیت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، سلمان ارشاد، دلبر حسین اور راجا فرزان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، شین واٹسن، جیسن روئے، احمد شہزاد، اعظم خان، بین کٹنگ، محمد نواز، سہیل خان، زاہد محمود، فواد احمد اور محمد حسنین