پاکستان

وزیراعظم نے فلم انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز طلب کرلیں

ہماری اولین ترجیح پاکستانیت کو اجاگر کرنا، معاشرے کی ثقافت اور اقدار کا تحفظ کرکے انہیں فروغ دینا ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے اصل تشخص اور ثقافت کو اجاگر کرنے کی ہر کوشش کی مکمل حمایت کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فلم انڈسٹری اور سنیما کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’ہماری اولین ترجیح پاکستانیت کو اجاگر کرنا اور ہمارے معاشرے کی ثقافت اور اقدار کا تحفظ کرنا اور انہیں فروغ دینا ہے‘۔

اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، سیکریٹری اطلاعات اکبر حسین درانی، فراز چوہدری، پیر سعد احسن الدین اور زوریز لاشاری نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی فلم انڈسٹری کی فلاپ سوچ

اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم کو ملک میں فلم انڈسٹری اور سنیما کی بحالی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے زوریز لاشاری نے کہا کہ اس حوالے سے دوسرا اجلاس آج (بروز ہفتہ) لاہور میں سیکریٹری ثقافت، فلم پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور سنیما مالکان کے ساتھ ہوگا جس میں فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز وفاق نے چاروں صوبوں کو ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کی یقین دہانی کروائی جو خاص طور سندھ اور پنجاب میں پکی ہوئی فصلوں کو نقصان پہنچا کر زراعت کے شعبے کو بری طرح متاثر کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جون میں سینما گھروں میں یہ پاکستانی فلمیں ضرور دیکھیں

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مذکورہ یقین دہانی دفتر وزیراعظم میں جاری اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ بذریعہ ویڈیو لنک شریک تھے۔

دفتر وزیراعظم کے مطابق اجلاس میں ٹڈی دل کے خاتمے سے متعلق لیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے تحفظ قومی خوراک خسرو بختیار، مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر سینئر افسران شریک تھے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔

کیا نوول کورونا وائرس اسمارٹ فون اسکرین پر زندہ رہ سکتا ہے؟

سندھ نے گندم کے بحران کی ذمہ داری وفاق پر ڈال دی

پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع مل گئی