پشاور کی تاریخی سنہری مسجد 25 سال بعد خواتین کیلئے کھول دی گئی
صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی تاریخی سنہری مسجد کو 25 سال بعد خواتین نمازیوں کے لیے ایک مرتبہ پھر کھول دیا گیا۔
پشاور کے علاقے صدر میں واقع اس تاریخی مسجد میں برسوں بعد خواتین کے لیے نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا جہاں 15 سے 20 خواتین نے نماز ادا کی۔
اس حوالے سے مسجد کے نائب امام محمد اسمٰعیل نے بتایا کہ مسجد کھولنے کا فیصلہ صدر کے علاقے میں رہنے والی خواتین کی آسانی کے لیے کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 1996 سے قبل خواتین کو مسجد کے اوپری حصے میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے آنے کی اجازت تھی تاہم 1996 میں عسکریت پسندی بڑھنے کے بعد خواتین کے داخلے پر پابندی لگادی گئی تھی۔
محمد اسمٰعیل نے بتایا کہ تاہم اب مسجد کا یہ مخصوص حصہ دوبارہ خواتین کے لیے کھول دیا گیا ہے جہاں وہ نماز جمعہ کا خطبہ بھی سن سکتی ہیں جبکہ نماز عید بھی ادا کرسکیں گی۔
مسجد میں نماز جمعہ کے آج ہونے والے اجتماع کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے خطبے کے دوران خطیب نے خواتین کے مسائل اور ان کے حقوق پر بھی بات کی۔
نائب امام محمد اسمٰعیل نے بتایا کہ اس مسجد کی تعمیر کا آغاز 1946 میں شروع ہوا تھا اور 30 سال بعد یہ مکمل ہوئی تھی۔
ادھر صدر علاقے کی رہائشی 45 سالہ خاتون کوثر نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے اور ان کی بیٹیوں نے پہلی مرتبہ مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اقدام سے بےحد خوش ہیں جبکہ یہ خواتین کے لیے ایک اچھا فیصلہ ہے۔