کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر
دسمبر 2019 میں چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے خوف کی وجہ سے جہاں پاکستان میں صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے، وہیں سعودی عرب اور ایران جیسے ممالک میں مذہبی عبادات کے بڑے اجتماعات کو بھی عارضی طور پر منسوخ کردیا گیا ہے۔
اسی طرح یورپی ملک اٹلی میں بھی فٹ بال میچز سمیت دیگر ممالک میں کھیلوں کے مقابلے بھی منسوخ کردیے گئے جب کہ ویٹی کن سٹی نے بھی اعلیٰ مسیحیوں کا ایک اہم اقتصادی اجلاس ملتوی کردیا۔
فرانس، جرمنی، امریکا و برطانیہ میں بھی کئی ایونٹس اور تقریبات کو کورونا وائرس کے پھیلنے کے خوف کے باعث ملتوی یا منسوخ کردیا گیا جب کہ اس وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے اسٹاک مارکیٹس پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔
’کورونا وائرس‘ کے خوف کے باعث آنے والی معروف جاسوس ہولی وڈ فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی ریلیز بھی مؤخر کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم: جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی جھلک سامنے آگئی
جی ہاں، جیمز بانڈ کی آنے والی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی آئندہ ماہ اپریل میں ہونے والی نمائش کو مؤخر کردیا گیا۔
فلم کی ٹیم نے فلم کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اس بات کی تصدیق کی کہ فلم کے پروڈوسرز نے دنیا بھر کے سینما گھروں میں احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کیے جانے والے اقدامات کے تحت ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز مؤخر کردی۔
ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ جیمز بانڈ کی آنے والی فلم کی ریلیز رواں برس نومبر تک مؤخر کردی گئی۔
اسی حوالے سے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہرہ آفاق فلم سیریز کے پروڈیوسرز نے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے خوف کی وجہ سے فلم کی نمائش کو منسوخ کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو آئندہ ماہ اپریل کے آغاز میں سب سے پہلے برطانیہ اور بعد ازاں امریکا کے بعد دنیا بھر کے سینماؤں میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم اب فلم کو 7 ماہ بعد رواں برس نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بندوقوں، لڑکیوں اور ایکشن سے بھرپور جیمز بانڈ کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘
رپورٹ کے مطابق ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو سب سے پہلے 12 نومبر کو برطانیہ میں جب کہ 25 نومبر کو اسے امریکا میں ریلیز کیا جائے گا جس کے بعد ہی فلم کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کے پروڈیوسرز مائیکل جی ولسن اور باربرا براکلی نے تصدیق کی کہ فلم کو اب نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کا ٹریلر دسمبر 2019 میں جاری کیا گیا تھا، جس میں ایک بار پھر اور شاید آخری بار برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے یوئے دکھایا گیا تھا۔
ٹریلر میں ان کے ساتھ ہی اگلے جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک فلم کا سوا ارب روپے معاوضہ لینے والا جاسوس اداکار
ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔
ٹریلر میں ریمی ملک کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی جو اس بار فلم میں ولن کے طور پر دکھائی دیں گے اور وہ برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کو انتہائی تنگ کرتے دکھائی دیں گے۔
مزید پڑھیں: جیمز بانڈ کسی بھی رنگ و نسل کا اداکار بن سکتا ہے لیکن اداکارہ نہیں، پروڈیوسرز
جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس بار جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس بار جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔
‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔
رپورٹس ہیں کہ جیمز بانڈ کی اگلی فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ایک خاتون نبھائیں گی اور اس 25 ویں فلم میں اس خاتون یعنی لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے جو جیمز بانڈ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔
جیمز بانڈ کی اگلی یعنی 26 ویں فلم وہ پہلی فلم ہوگی جس میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کا کردار کوئی خاتون یعنی لشانا لائنچ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔