کھیل

وزیر اعظم سے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور ہاشم آملا کی ملاقات

پاکستان سپر لیگ سب سے مقبول فرنچائز اور 2017 کی چیمپیئن پشاور زلمی کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے مقبول فرنچائز اور 2017 کی چیمپیئن پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، کپتان ڈیرن سیمی، مینٹور ہاشم آملہ و دیگر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

بدھ کو پشاور زلمی کے وفد نے چیئرمین جاوید آفریدی کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں جاوید آفریدی کے ہمراہ کپتان ڈیرن سیمی، فرنچائز کے مینٹور ہاشم آملا اور کوچ محمد اکرم بھی موجود تھے۔

دوران ملاقات وزیر اعظم عمران خان نے ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت ملنے کے اعلان پر انہیں گرمجوشی سے مبارک باد دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ڈیرن سیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ بھی ہمارے شہری ہیں اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے آپ کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ جاوید آفریدی نے ہمیشہ ڈیرن سیمی کی پاکستان میں کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہنے پر زور دیا اور خود سیمی کے ساتھ مل کر پاکستان کرکٹ کی بہت خدمت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے عظیم جنوبی افریقی بلے باز اور پشاور زلمی کے مینٹور ہاشم آملا کو بھی خوش آمدید کہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہورہا ہے اور لوگ خوش ہیں، پی ایس ایل کے تمام میچز میں اسٹیڈیم بھرے ہوئے ہیں جس سے پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام گیا ہے۔

دریں اثنا پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پشاور زلمی اور ڈیرن سیمی کے کردار کو سراہا۔

علاوہ ازیں ایک ٹوئٹ میں جاوید آفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے ڈیرن سیمی کو ٹیکس سے خصوصی استثنیٰ بھی دینا کا اعلان کیا۔